Live Updates

عوامی نیشنل پارٹی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، ایمل ولی خان

جمعہ 3 ستمبر 2021 00:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور یہ اے این پی کے منشور کا حصہ ہے۔ بدقسمتی سے تحریک انصاف کی حکومت میں میڈیا کو ایک دفعہ پھر زنجیروں میں جھکڑنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ٹی وی چینلز ، اخبارات اور صحافیوں پر پابندیاں عائد کی جارہی ہیں ۔

طلعت حسین سے لے کر حامد میر تک کے ساتھ جو کچھ کیا گیا وہ شرمناک ہے۔ سابق ایم این اے مسرت احمد زیب اور ن لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی نائب صدر میاں گل عمر فاروق کی عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت غربت ختم کرنے کی بجائے غریب کو ختم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

(جاری ہے)

مہنگائی اور بے روزگاری نیغریب عوام کا جینا محال کردیا ہے۔

ضروریات زندگی اور بجلی وگیس کے بل ادا کرنا عوام کے بس سے باہر ہوگئے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں کو لانے والے عوام کا خون نچھوڑنے کے درپے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ نظام عوام کا منڈیٹ چوری کرنے کا نیا منصوبہ ہے اور اے این پی پہلے ہی الیکٹرانک ووٹنگ نظام کو مسترد کرچکی ہے۔موجودہ حکمرانوں کو لانے والوں سے درخواست کرتے ہیں کہ ملک اور قوم پر رحم کرے اور مزید عوام کے ووٹ چوری کرنے سے باز رہیں۔

اے این پی اس نظام کی حامی ہے جس میں عوام کا اختیار عوام کے پاس ہو۔انہوں نے کہا کہ پچھلے وقتوں میں جب حکومت آتی تو نئے منصوبے ساتھ لے کر آتی، موجودہ حکومت پہلے سے موجودہ اداروں کو بیچ رہی ہے۔تحریک انصاف کی حکومت نے صوبہ اور ملک بھر میں اداروں کا ستیاناس کردیا ہے۔ پی آئی اے، سٹیل مل، ہسپتال ، یونیورسٹیاں کوئی ادارہ ایسا نہیں جو تباہی کا شکار نا ہو۔

جہانزیب کالج سمیت دیگر تعلیمی اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کسی طور قابل قبول نہیں، حکومت نے زبردستی کی تو عوامی نیشنل پارٹی بھرپور مزاحمت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔عوامی نیشنل پارٹی بلدیاتی اور عام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ حکومت آج اعلان کرے عوامی نیشنل پارٹی میدان میں ہوگی اور بھرپور مقابلہ کرے گی۔افغانستان کی صورتحال بارے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کا ہنی مون گزرجانے کے بعدایک دفعہ پھرپاکستان کا برا دور شروع ہونے والا ہے۔خطہ نازک حالات سے گزر رہا ہے لیکن پاکستان کے حکمران آنے والے صورتحال سے بے خبر ہیں اور خرگوش کی نیند سو رہے ہیں
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات