سراج الحق کی اپیل پر کراچی میں بھی امریکا کی شکست اور طالبان مجاہدین کی فتح پر یوم تشکر منایا گیا

طالبان مجاہدین نے جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار ہوکر امریکاکا مقابلہ کیا ،محمد حیین محنتی کا لسبیلہ چوک پر اجتماع سے خطاب طالبان مجاہدین کی فتح دنیا میں نئے اسلامی بلاک کا آغاز ثابت ہوگی ، اجتماع سے عبدالرزاق خان اور سیف الدین ایڈووکیٹ ودیگرکا خطاب

ہفتہ 4 ستمبر 2021 00:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2021ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر کراچی سمیت ملک بھر میں جمعہ کو امریکا کی شکست اور طالبان کی فتح پر یوم تشکر و دعا منایا گیا ، اس سلسلے میںشہر کی بیشتر مساجد میں طالبان مجاہدین کی کامیابی پر نماز شکرانہ اور دعا کی گئی ، امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے جامع مسجد نعمان کے سامنے لسبیلہ چوک پر مرکزی اجتماع سے خطاب کیا ۔

اجتماع سے ڈپٹی سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی عبدالرزاق خان اور امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔اجتماع میں شریک افراد نے بینرز او رپلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جس پر افغانستان میں طالبان مجاہدین سے اظہار یکجہتی اور تشکر کے حوالے سے مختلف نعرے اور عبارتیں درج تھیں۔

(جاری ہے)

محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان مجاہدین نے مشکل حالات میں اپنی جدوجہد جاری رکھی اور بالاخر امریکا کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا،جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن نے کئی برس قبل امریکا کی شکست اور طالبان کی فتح کی خوش خبری سنائی تھی ،پاکستان کے حکمران امریکا،روس اور بھارت کے آلہ کار بنے رہے اور افغانستان میں مسلمانوں پر مظالم رکوانے کے لیے کچھ نہیں کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان قوم بہت بہادر ہے ، انہوں نے دنیا کی بڑی بڑی سپر پاورز کو شکست دی ہے ، برطانیہ ، روس اور اب امریکا کی شکست نے دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے،طالبان مجاہدین کی فتح دنیا میں نئے اسلامی بلاک کے قیام کا نقطہ آغاز ثابت ہوگی ، امریکا نے افغانستان میں تاریخ کا بدترین ظلم کیا ، عالمی طاقتیں اور سامراجی قوتیں امریکا کی سرپرستی میں طالبان کی مخالفت کرتی رہی ہیں، طالبان مجاہدین نے جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار ہوکر امریکا کا مقابلہ کیا ، مجاہدین نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کی غلامی کو قبول نہیں کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ قرآن و سنت کے نظام اور دین کی بالادستی کیلئے جماعت اسلامی جدوجہد جاری رہے گی ، جماعت اسلامی فلسطین ، کشمیر اور برما سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی ،ملک میں اسلام غالب آکر رہے گا ۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے افغانستان میں درندگی اور سفاکی کا بدترین مظاہرہ کیا، ملک میں جماعت اسلامی واحد جماعت تھی ، جس نے افغانستان میں امریکا کے مظالم پر گو امریکا گو کا نعرہ بلند کیا ، سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے امریکا کے مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا نے افغانستان میں اتنی بمباری کی ہے کہ ہر افغانی کو 100مرتبہ مرجانا چاہیے تھا ۔

عبدالرزاق خان نے کہا کہ امریکا 20برس قبل نیٹو افواج کے ساتھ مل کر افغانستان کو تباہ کرنے اور افغان مجاہدین کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے افغانستان سے نکالنے کیلئے گیا ، لیکن امریکا اور اس کے اتحادیوں کو افغانستان میں تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا ، امریکا افغانستان میں ظلم و جبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجاہدین کی میتوں کی بے حرمتی کرتا رہا ، جبکہ طالبان مجاہدین نے عام معافی کا اعلان کرکے فتح مکہ کی یاد تازہ کردی ۔