سینیٹر مولابخش چانڈیو کامقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کے رہنماء سید علی گیلانی کے انتقال پر صدمے کا اظہار

بزرگ حریت پسند رہنما کی زندگی میں جابر انڈیا ان سے نہ صرف خوفزدہ تھا بلکہ ان کے جسد خاکی سے بھی خوفزدہ ہے،مولا بخش چانڈیو

جمعہ 3 ستمبر 2021 23:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2021ء) پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر مولابخش چانڈیو نے مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کے رہنماء سید علی گیلانی کے انتقال پر صدمے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ سید علی گیلانی کا انتقال کشمیریوں سمیت دنیا بھر کے حریت پسندوں کیلئے بڑا نقصان ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بزرگ حریت پسند رہنما کی زندگی میں جابر انڈیا ان سے نہ صرف خوفزدہ تھا بلکہ ان کے جسد خاکی سے بھی خوفزدہ ہے، انہوں نے کہا سید علی گیلانی کی تدفین زبردستی فوجی پہرے میں کرانا انڈین غاصب حکمرانوں کی بزدلی ہے، سابق سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ سید علی گیلانی آخری سانس تک جموں کشمیر کی آزادی کیلئے لڑتے رہے، سید علی گیلانی کی میت بھی قابض فوج کے خلاف لڑتی نظر آئی،جبر سے علی گیلانی کی تدفین تو ہو سکتی ہے لیکن ان کے جذبہ حریت کو نہیں مٹایا جا سکتا جو لاکھوں کشمیریوں کے دلوں میں دوڑ رہا ہے۔