قطر کے شاہی خاندان کے رکن اور ایئر عربیہ کے چیئرمین دو روزہ دورہ پاکستان کے بعد وطن واپس روانہ

ہفتہ 4 ستمبر 2021 13:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2021ء) خلیجی ریاست قطر کے شاہی خاندان کے رکن اور ایئر عربیہ کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن محمد الثانی 7 رکنی وفد کے ہمراہ دو روزہ دورہ پاکستان کے بعد ہفتہ کو وطن واپس روانہ ہوگئے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وفد کو الوداع کہا۔ وفد چیئرمین سینیٹ کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے دورے پر تھا۔

  دورے کا مقصد دو طرفہ تعاون کو فروغ اور باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

چئیرمین سینیٹ نے کہاہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں سے باہمی معاونت کاری کو مزید فروغ ملے گا۔ وفد کے رہنما نے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا اورکہاکہ وہ پاکستان سے اچھی یادیں لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال مفید رہا ہے اور اس سے مستقبل میں اچھے نتائج برآمد ہوں گے ۔ چیئرمین سینیٹ نے قطر کی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے وفد کے رہنما کو دورے سے متعلق تصویروں کا البم بھی پیش کیا۔ وفد کے رہنما نے بہترین مہمان نوازی پر چئیر مین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔