آئین اور دستور کی بالا دستی کے لیے دینی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آجانا چاہیے،رہنماء مجلس احرار اسلام اور جمعیت علماء اسلام پاکستان

ہفتہ 4 ستمبر 2021 22:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 ستمبر2021ء) جمعیت علماء اسلام پنجاب کے ناظم مالیات فیاض احمد شاہ کی قیادت میں ایک وفد جس میں جمعیت علماء اسلام پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری ضیاء الحق، مولانا محمد اسماعیل قطری، حافظ حفیظ اللہ ،حافظ محمد معاویہ راشد،اور رانا سیف الرحمن شامل تھے نے مجلس احرار اسلام کے زونل آفس جامع مسجد چیچہ وطنی میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ سے تفصیلی ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ،اس موقع پر مجلس احرار اسلام اور جمعیت علماء اسلام پاکستان کے رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ آئین اور دستور کی بالا دستی کے لیے دینی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آجانا چاہیے۔

مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علما ء اسلام کے اینٹی سامراج کردار کو (فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجلس احرار اسلام دینی جماعتوں کے اتحاد کی داعی جماعت ہے اور ہماری سب سے بڑی قدر مشترک اسلامی نظام کے نفاذ کی جد و جہد اورعقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہے۔

جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں نے قیام حکومت الٰہیہ اورعقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے مجلس احرار اسلام کی مساعی جمیلہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجلس احرارنے جرأت و بے باکی کے ساتھ جو محنت کی ہے اس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ چودھری ضیاء الحق نے اس موقع پر کہاکہ 7ستمبر کو یوم ختم نبوت منانے کا آغاز مجلس احرار اسلام نے کیا تھا اوریہ سلسلہ ا ن شاء اللہ تعالیٰ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمعیت علماء اسلام عقیدہ ختم نبوت کے لیے مجلس احرار کا ساتھ دیتی رہے گی۔ اس موقع پر رانا قمر الاسلام، حکیم حافظ محمد قاسم ، مبلغ ختم نبوت مولانا محمد سرفراز معاویہ بھی موجود تھے ۔