بارش سے ملیر ندی میں پانی کا بہائو تیز، متعدد سڑکیں ٹریفک کیلئے بند

اتوار 5 ستمبر 2021 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2021ء) شہر قائد میں بارش کے بعد ملیر ندی میں پانی کی روانی سے سڑکیں زیر آب آگئیں، ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق ناقص انتظامات کے باعث شہر قائد میں گزشتہ تین روز میں ہونے والی بارش سے کراچی کے رہائشی پھر مشکلات کا شکار ہوگئے، ملیر ندی میں پانی کے تیز بہائو کی وجہ سے کورنگی کازوے زیر آب آگیا۔

شہریوں کی حفاظت کیلیے محکمہ ٹریفک نے ملیر ولایت شاہ سے مرتضی چورنگی، بلوچ کالونی سے بروکس چورنگی جانے والا روڈ ٹریفک کیلیے بند کردیا۔محکمہ ٹریفک نے کہاکہ قیوم آباد سے کورنگی صنعتی علاقے کو ملانے والا کورنگی کازوے زیر آب ہے جس کے باعث یہ سڑک بھی ٹریفک کیلیے بند کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ ٹریفک نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ مشکلات سے بچنے کیلیے متبادل راستہ اختیار کریں، ٹریفک پولیس نے قیوم آباد سے کورنگی صنعتی علاقے میں آنے والوں کو بروکس چورنگی کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹریفک پولیس نے کہاکہ ملیر کورٹ سے مرتضی چورنگی جانے کیلیے شہری قائد آباد کا روٹ استعمال کریں اور بلوچ کالونی سے کورنگی جانے کیلیے جام صادق پل کا راستہ اپنائیں۔کراچی انتظامیہ نے شہریوں کی رہنمائی کیلیے ملیر ندی کے اطراف میں پولیس تعینات کردی جس نے ندی کی طرف آنے والے ٹریفک کو روک دیا۔