سردار عبدالقیوم نیازی کا دفاع پاکستان کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سرفروشوں کی عظمت کو خراج عقیدت

خونی لکیر کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری افواج پاکستان کو اپنی محافظ فوج سمجھتے ہیں ،۔پاک فوج وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

اتوار 5 ستمبر 2021 18:35

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2021ء) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے دفاع پاکستان کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سرفروشوں کی عظمت کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ خونی لکیر کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری افواج پاکستان کو اپنی محافظ فوج سمجھتے ہیں ،۔پاک فوج وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یوم دفاع لازوال عزم اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔ دفاع پاکستان کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سرفروشوں کی عظمت کو پوری کشمیری قوم زبردست خراج عقیدت اور سلام بھی پیش کرتی ہے۔ خونی لکیر کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری افواج پاکستان کو اپنی محافظ فوج سمجھتے ہیں جبکہ ہندوستان کی فوج کشمیریوں کیلئے نفرت کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ ہمیں مسلح افواج پاکستان کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے، پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور ہمارے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

بھارت کی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے، گزشتہ برس 5اگست سے ان کو محصور کر دیا گیا ہے اوروہ انسانی تاریخ کے بدترین مظالم کا شکار ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے ساتھ ساتھ بھارت کی بزدل فوج سیز فائر لائن پر بھی نہتے شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔

ہندوستان کی فوج،افواج پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتی اس لیے وہ معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بھارت جتنا بھی ظلم روا رکھے وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق لینے سے نہیں روک سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں جذبہ جہاد سے سرشار کشمیری حریت پسند پوری قوت سے بھارتی افواج سے بر سر پیکار ہیں۔خواتین کی عصمت دری، بچوں کا قتل عام، ٹارچر سیل،کشمیریوں کے گھروں کو نذر آتش کرنا اور اسی طرح کے کئی اور گھٹیا حربے درحقیت بھارتی بزدل افواج کی کمزوری اور بزدلی کی دلیل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو اس امر کا یقین دلاتا ہوں کہ ان کی آزادی تک ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے، میں اس موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل بھی کروں گا کہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے عین مطابق ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں۔