5کی جنگ میں قوم نے اپنے سے کئی گنا بڑی طاقت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنایا،چوہدری اکبر ابراہیم

بھارت کی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے، بیان

اتوار 5 ستمبر 2021 18:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2021ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے مشیر برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ وسول ڈیفنس چوہدری اکبر ابراہیم نے 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ستمبر1965کی جنگ دراصل ایک چیلنج تھی جس کو قوم نے قبول کیا اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے سے کئی گنا بڑی طاقت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنایا۔

انھوں نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان ہماری تاریخ کا ایک یاد گار دن ہے اس روز ہم نے ملی وحدت، یکجہتی اور حب الوطنی کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا کہ ہماری آنے والی نسلیں بھی بجا طور پر اس پر فخر کرسکیں گی۔پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور ہمارے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ بھارت کی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے، گزشتہ برس پانچ اگست سے ان کو محصور کر دیا گیا ہے اوروہ انسانی تاریخ کے بدترین مظالم کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے ساتھ ساتھ بھارت کی بزدل فوج سیز فائر لائن پر بھی نہتے شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔ ہندوستان کی فوج،افواج پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتی اس لیے وہ معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارت جتنا بھی ظلم روا رکھے وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق لینے سے نہیں روک سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں جذبہ جہاد سے سرشار کشمیری حریت پسند پوری قوت سے بھارتی افواج سے بر سر پیکار ہیں۔خواتین کی عصمت دری، بچوں کا قتل عام، ٹارچر سیل،کشمیریوں کے گھروں کو نذر آتش کرنا اور اسی طرح کے کئی اور گھٹیا حربے درحقیت بھارتی بزدل افواج کی کمزوری اور بزدلی کی دلیل ہیں۔