نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے ظالمانہ چنگل سے آزاد کرانے کیلئے مساجد میں فجر کے بعد خصوصی دعائیں

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 ، صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی

پیر 6 ستمبر 2021 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2021ء) وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یومِ دفاع بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق6 ستمبر 1965 وہ دن تھا جب بھارتی افواج نے رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی سرحد عبور کر کے پاکستان پر حملہ کیا تاہم قوم اور مسلح افواج نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا ،رواں سال کے یوم دفاع و شہدا کا موضوع ہمارے شہدا ہمارا فخر، غازیوں اور شہیدوں سے تعلق رکھنے والے تمام رشتہ داروں کو سلام ہے۔

یومِ دفاع کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کے ظالمانہ چنگل سے آزاد کرانے کے لیے مساجد میں فجر کے بعد خصوصی دعائیں مانگ کر کیا گیا ، شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کا سلسلہ بھی دن بھر جاری رہا اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

(جاری ہے)

کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈ کی تبدیلی کی پٴْروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی کے چاک و چوبند کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈ کے فرائض سنبھالے۔اس موقع پر مہمان خصوصی کو جنرل سیلوٹ پیش کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ اصغر خان اکیڈمی ایئر وائس مارشل قیصر خان جنجوعہ نے مزار پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

اس کے علاوہ نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہدا پر پٴْر وقار تقریب منعقد ہوئی، ملک کے استحکام اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔دورانِ تقریب چیف آف نیوزل اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے یادگار پر پھول رکھے اور شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔یوم دفاع اور شہدا کے موقع پر صدر ملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں اس عہد کی تجدید کی کہ بہادر پاکستانی قوم اپنی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔