سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے ارکان کی لانس نائیک محمد محفوظ شہید( نشان حیدر) کے مزار پر حاضری

پیر 6 ستمبر 2021 16:24

سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2021ء) یوم دفاع کے موقع پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع  کے ارکان نے چئیرمین کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں لانس نائیک محمد محفوظ شہید( نشان حیدر) کے مزار پر حاضری دی۔ چئیرمین کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید نے یادگار پر پھول رکھے اورفاتحہ خوانی کی۔ کمیٹی ممبران نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید ( نشان حیدر) کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی۔

لانس نائیک محفوظ شہید (نشان حیدر) کے مزار پر تقریب سے چئیرمین قائمہ کمیٹی دفاع نے مختصر خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ میدان جنگ میں لانس نائیک محفوظ شہید کی بہادری اور انتہائی جرات مندانہ عمل مادر وطن کے تمام محافظوں کی قابل تقلید مثال ہے، وطن کی مٹی کیلئے شہدا کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

چئیرمین سینیٹ دفاع کمیٹی نے کہا کہ وطن کی حفاظت کیلئے جان نچھاور کرنے والےدھرتی کے ان بہادر ثپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا  ہمارا فخر، شہدا  کو سلام۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان کے سارے صوبوں اور تمام سیاسی جماعتوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ قومی سلامتی کیلئے پوری قوم اکٹھی ہے، ہمارے بہادر شہدا  کی قربانیوں کی وجہ سے ہی ہم آج سکون کی نیند سوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔ ممبران دفاع کمیٹی آج تجدید عہد کے دن پر شہیدوں کو سلام جن کا خون ہماری آزادی کی ضمانت ہے اور ان غازیوں کو بھی سلام جن کی شجاعت ہماری سرحدوں کا نا قابل  تسخیر دفاع ہے۔

کمیٹی ممبران نے بعد ازاں میجر مدثر شہید کے گھر پر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ کمیٹی ممبران نے دھرتی کی حفاظت کیلئے لازاوال قربانی پر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مشاہد حسین نے کہا کہ میجر مدثر جیسے وطن کے مٹی کے بہادر بیٹوں کی قربانیاں رائے گاہ نہیں جائیں گی۔ کمیٹی ممبران نے شہید اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہے اور پوری قوم ان کی عظیم قربانیوں پر ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے شہید کے اہلخانہ کے حوصلے کی تعریف کی۔ کمیٹی ممبران نے شہید کے بچوں کے ساتھ بھی وقت گزارا۔ سینیٹر طلحہ محمود نے شہید کے گھر پر فاتحہ خوانی کرائی۔ اس موقع پر شہید کے اہلخانہ نے کہا کہ میجر مدثر کی وطن کیلئے شہادت پر ہمیں فخر ہے۔