سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے ارکان کی لانس نائیک محمد

محفوظ شہیدکے مزار پر حاضری وطن کی مٹی کیلئے شہدا کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، میدان جنگ میں لانس نائیک محفوظ شہید کی بہادری اور انتہائی جرات مندانہ عمل مادر وطن کے تمام محافظوں کی قابل تقلید مثال ہے، مشاہد حسین سید

منگل 7 ستمبر 2021 00:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2021ء) چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ وطن کی مٹی کیلئے شہدا کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، میدان جنگ میں لانس نائیک محفوظ شہید کی بہادری اور انتہائی جرات مندانہ عمل مادر وطن کے تمام محافظوں کی قابل تقلید مثال ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے ارکان نے چیئرمین کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں لانس نائیک محمد محفوظ شہید(نشان حیدر)کے مزار پر حاضری دی۔ چئیرمین کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید نے یادگار پر پھول رکھے اورفاتحہ خوانی کی۔ کمیٹی ممبران نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشان حیدر)کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

لانس نائیک محفوظ شہید (نشان حیدر)کے مزار پر تقریب سے چئیرمین قائمہ کمیٹی دفاع نے مختصر خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ میدان جنگ میں لانس نائیک محفوظ شہید کی بہادری اور انتہائی جرات مندانہ عمل مادر وطن کے تمام محافظوں کی قابل تقلید مثال ہے، وطن کی مٹی کیلئے شہدا کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ چئیرمین سینیٹ دفاع کمیٹی نے کہا کہ وطن کی حفاظت کیلئے جان نچھاور کرنے والے دھرتی کے ان بہادر ثپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان کے سارے صوبوں اور تمام سیاسی جماعتوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ قومی سلامتی کیلئے پوری قوم اکٹھی ہے، ہمارے بہادر شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہی ہم آج سکون کی نیند سوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔ ممبران دفاع کمیٹی آج تجدید عہد کے دن پر شہیدوں کو سلام جن کا خون ہماری آزادی کی ضمانت ہے اور ان غازیوں کو بھی سلام جن کی شجاعت ہماری سرحدوں کا نا قابل تسخیر دفاع ہے۔

کمیٹی ممبران نے بعد ازاں میجر مدثر شہید کے گھر پر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ کمیٹی ممبران نے دھرتی کی حفاظت کیلئے لازاوال قربانی پر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مشاہد حسین نے کہا کہ میجر مدثر جیسے وطن کے مٹی کے بہادر بیٹوں کی قربانیاں رائے گاہ نہیں جائیں گی۔ کمیٹی ممبران نے شہید اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہدا ہمارا فخر ہے اور پوری قوم ان کی عظیم قربانیوں پر ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے شہید کے اہلخانہ کے حوصلے کی تعریف کی۔ کمیٹی ممبران نے شہید کے بچوں کے ساتھ بھی وقت گزارا۔ سینیٹر طلحہ محمود نے شہید کے گھر پر فاتحہ خوانی کرائی۔ اس موقع پر شہید کے اہلخانہ نے کہا کہ میجر مدثر کی وطن کیلئے شہادت پر ہمیں فخر ہے۔