بھارتی میڈیا کی دو سال پرانی امریکی خبر دکھا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک اور سازش بے نقاب

بھارت نے افغان صوبے پنجشیر میں پاکستان کا ایف 16 طیارہ تباہ ہونے کا الزام لگایا لیکن تصویر 2018ء کی امریکہ میں گرنے والے طیارے کی دکھاتے رہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 7 ستمبر 2021 11:41

بھارتی میڈیا کی دو سال پرانی امریکی خبر دکھا کر پاکستان کو بدنام کرنے ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 ستمبر 2021ء) : پاکستان اور بھارت کہنے کو تو ہمسایہ ممالک ہیں لیکن دونوں ممالک کے مابین تعلقات گذشتہ 7 دہائیوں سے سرد مہری کا ہی شکار ہیں۔ بھارت میں دہشتگردی کا کوئی بھی واقعہ ہو، بغیر ثبوت کے پہلا الزام پاکستان پر ہی عائد کیا جاتا ہے جبکہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں بھی آئے روز خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں۔

اس کے علاوہ معصوم اور نہتے کشمیریوں پر بھارت افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم بھی کسی سے ڈھکے چُھپے نہیں ہیں۔ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے یا پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی جانب سے بارہا دوستی کا ہاتھ بڑھائے جانے کے باوجود بھی بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو سکا اپنی روایتی ہٹ دھرمی کے تحت بھارت نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے کی کوشش کی لیکن اسے ہمیشہ کی طرح منہ کی کھانا پڑی۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کی دو سال پرانی امریکی خبر دکھا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک اور سازش بے نقاب ہو گئی۔ بھارت نے افغان صوبے پنجشیر میں پاکستان کا ایف 16 طیارہ تباہ ہونے کا الزام لگایا لیکن تصویر 2018ء کی امریکہ میں گرنے والے طیارے کی دکھاتے رہے۔ بھارت نے امریکہ میں دوران مشق تباہ ہونے والے طیارے کو پاکستان کا بتا کر ہرزہ سرائی کی بھرپور کوشش کی۔

2018ء میں امریکی ریاست ایریزونا میں تباہ ہونے والے طیارے کی خبر کو جعلی پروپیگنڈا کرتے ہوئے رپورٹ کیا کہ پاکستانی طیارہ افغانستان کی وادی پنجشیر میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔مزاحمتی افغان رہنما احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود کے نام سے بنائے گئے ٹوئٹر ہینڈل نے زمین بوس طیارے کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ہمارے شیروں نے پاکستانی جنگی طیارہ مار گرایا۔

تاہم بعد ازاں انہوں نے یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی۔ لیکن بھارتی میڈیا پاکستان کی مخالفت میں ویڈیو گیم کی فوٹیج چلا کر پنج شیر میں پاک فضائیہ کی بمباری کا جھوٹا پروپیگنڈا کرتا رہا۔ بھارت کے اس دعوے کا پول اس وقت کھلا جب ویب سائٹ ''بوم'' نے نشاندہی کی کہ یہ ویڈیو افغانستان میں تنازع کی نہیں بلکہ ایک ویڈیو گیم ''آرما-3'' سے لی گئی ہے۔