سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، ایک دہشتگرد ہلاک

دورانِ آپریشن دیسی ساختہ بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 جوان شہید ہوگئے، پاک فوج نے دہشتگردوں کی تلاش کیلئے علاقے کا محاصرہ کرلیا۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 7 ستمبر 2021 18:23

سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، ایک دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 ستمبر2021ء) پاک فوج کا دہشتگردوں اور سہولتکاروں کیخلاف آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن میں ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا، دوران آپریشن دیسی ساختہ بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 جوان شہید ہوگئے، پاک فوج نے دہشتگردوں کی تلاش کیلئے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں کلیئرنس آپریشن کیا، سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بارودی سرنگ پھٹ گئی، بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 جوان شہید ہوگئے، جام شہادت نوش کرنے والوں میں 25 سالہ سپاہی ضیاء اکرم اور 20 سالہ جوان مصور خان شامل ہیں۔

ضیاء اکرم کا تعلق مظفر آباد اور مصور خان کا تعلق باجوڑ سے ہے۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں فرار ہوتے دہشتگردوں میں ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج نے علاقے کا محاصرہ کرکے دہشتگردوں کی تلاش شروع کردی ہے۔