گورنرپنجاب سے چیئر مین سینیٹ محمدمصادق سنجرانی، اپوزیشن سینیٹرزمشاہد حسین سید اور مولانا عبد الغفور حیدری کی ملاقات

اپوزیشن جماعتوں کو بھی چاہیے کہ سڑکوں پر آکر وقت کا ضائع کر نے کی بجائے ملک میں انتخابی اصلاحات پر حکومت کا ساتھ دے ‘محمد سرور افغانستان کی بدلتی صورتحال سے پیدا ہونیوالے حالات کی وجہ سے یہ وقت ذاتی اور سیاسی نہیں بلکہ ملکی اور قومی مفادات کے تحفظ کر نے کا ہے‘گورنر پنجاب

بدھ 8 ستمبر 2021 18:17

گورنرپنجاب سے چیئر مین سینیٹ محمدمصادق سنجرانی، اپوزیشن سینیٹرزمشاہد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے چیئر مین سینیٹ محمدمصادق سنجرانی، اپوزیشن سینیٹرزمشاہد حسین سید اور مولانا عبد الغفور حیدری کی ملاقات۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اپوزیشن جماعتوں کو انتخابی اصلاحات پر حکومت کے ساتھ بیٹھنے کا مشورہ دیدیاجبکہ چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں گور نر پنجاب کی جانب سے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور صحت کی سہولتوں کے لیے اقدامات کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے (ن) لیگ کے سینیٹر مشاہد حسین سید اور جے یوآئی(ف)کے سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری کے ہمراہ گور نر ہاس لاہور میں ملاقات کی جس میں سیاسی اور پار لیمانی سمیت دیگر امور کے حوالے سے بات چیت کی گئی جبکہ گور نر پنجاب ،چیئر مین سینیٹ اور اپوزیشن سینیٹرز نے کشمیر یوں پر جاری بھارتی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوا م متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کر نے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران گفتگو میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک میں جمہوریت اور پار لیمنٹ سمیت تمام اداروں کی مضبوطی اور عوامی فلاح وبہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ملک میں آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے حکومت انتخابی اصلاحات کے لیے تیار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ سڑکوں پر آکر اپنا اور قوم کے وقت کا ضیاع کر نے کی بجائے ملک میں انتخابی اصلاحات پر حکومت کا ساتھ دے تاکہ ملک میں آئندہ انتخابات کو اتنا شفاف بنایا جائے کہ کوئی بھی ان پر انگلی نہ اٹھاسکے۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ افغانستان کی بدلتی صورتحال سے پیدا ہونیوالے حالات کی وجہ سے یہ وقت ذاتی اور سیاسی نہیں بلکہ ملکی اور قومی مفادات کے تحفظ کر نے کا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو سب سے پہلے ملکی مفادات کو تر جیح دینی چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ افغانستان سمیت پورے خطے میں پاکستان کا کردار ہر لحاظ سے مثالی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت پورے خطے میں امن دشمنوں کا سب سے بڑا سہولت کار ہے۔ چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کر نا چاہیے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جمہوریت اور پار لیمنٹ کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا اور مسائل حل ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے پر بھی انشا اللہ سینیٹ اپنا مثبت کردار ادا کر یگا۔ چیئر مین سینیٹ نے کوئٹہ میں گور نر پنجاب کی جانب سے سرور فائونڈیشن کے فلٹر یشن پلانٹس کے ذریعے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے اور ہیپاٹائٹس فری بلوچستان پروگرام شروع کر نے کے اقدامات کو بھی سراہا۔