پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ڈی جی پوسٹل سروسزکے نہ آنے پر احتجاجا کمیٹی اجلا س موخر کردیا

کمیٹی کا ڈیسکوز کی طرف سے 35دن کی بلینگ کرنے کا نوٹس ،آڈٹ حکام سے رپورٹ طلب ،اضافی رقم واپس کرائیں گے

جمعرات 9 ستمبر 2021 13:09

پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ڈی جی پوسٹل سروسزکے نہ آنے پر احتجاجا کمیٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2021ء) پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ڈی جی پوسٹل سروسز کے کمیٹی میںنہ آنے پر احتجاجاً کمیٹی اجلا س موخر کردیا،چیئرمین کمیٹی نے ڈیسکوز کی طرف سے 35دن کی بلینگ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے آڈٹ حکام کوایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی،ارکان کمیٹی نے ڈی جی پوسٹل کی تنخواہ بندکرنے یاکمیٹی خرچ ان سے وصول کرنے کی سفارش کردی جبکہ چیئرمین نے کہاہے کہ آئندہ اگر کوئی افسر نہ آیا تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیں گے ،حکام نے بتایاکہ ڈی جی پوسٹل سروسزکراچی میںفیٹف کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کرنے گئے ہیں۔

جمعرات کوپی اے سی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی رانا تنویر حسین کی سربراہی میں ہوا۔اجلاس میںکمیٹی میں رکن حنا ربانی کھر ،ریاض فتیانہ، نویدقمر، خواجہ آصف، منزہ حسن، سید حسن طارق، شیخ روحیل اصغر، محمد ابراہیم خان، کنول شیراز محمود نے شرکت کی جبکہ وزارت موصلات کی طرف سے ایڈیشنل سیکرٹری اور ایڈیشنل ڈی جی پوسٹل سروس نے کمیٹی میںشرکت کی۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے عملے نے کمیٹی کوبتایاکہ پارلیمنٹ میں ایک وقت میں ایک ہی کمیٹی کوان لائن کرسکتے ہیں کیوں کہ ہمارے پاس ایک کمیٹی کے لیے آلات موجود ہیں آج وہ آلات دوسری کمیٹی میں لگائے گئے ہیں جس کی وجہ سے آج پی اے سی میں ارکان ان لائن میٹنگ میں شرکت نہیں کرسکتے جس پر کمیٹی نے سفارش کی کہ مزید آلاٹ خریدے جائیں تاکہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں ان لائن ممبران شرکت کرسکیں۔

چیئرمین کمیٹی راناتنویر حسین نے کمیٹی کوبتایاکہ سیکرٹری مواصلات نے آج صبح بتایاکہ ان کے والد فوت ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے کمیٹی میں نہیں آسکتا جس پر کمیٹی میں سیکرٹری کے والد کے لیے دعا مغفرت کی گئی۔رانا تنویر نے کہاکہ ڈی جی پوسٹل سروس نے گزشتہ روز کمیٹی حکام کوبتایاکہ وہ کراچی میں ہیں اس وجہ سے کمیٹی میں نہیں آسکتے ہیں چیئرمین کمیٹی نے ڈی جی پوسٹل کے کمیٹی میں نہ آنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا کہ کمیٹی کواہمیت نہیں دی جارہی ہے۔

حکام نے بتایاکہ کراچی میں فیٹف کی وجہ سے اجلاس کراچی میں ہے اس وجہ سے نہیں آئے۔رکن حناربانی کھر نے کہاکہ مین کمیٹی میں اگر افسر نہیں آتے تو سب کمیٹی میں بھی نہیں آئیں گے اس لیے کمیٹی کا اجلاس موخر کردیا جائے۔خواجہ آصف نے بھی کمیٹی کا اجلاس موخر کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی کے ہونے والے اجلاس پر ہونے والا خرچ ڈی جی پوسٹل سروس سے لیاجائے۔

چیرمین کمیٹی نے کہاکہ کمیٹی کے آج کے اجلاس کوموخر کرتے ہیں آئندہ اگر افسران نہیں آتے تو سخت ایکشن لیں گے جس پر ارکان نے کہاکہ آئندہ نہیں آج ایکشن لیں۔جس پر چیرمین نے کہاکہ ڈی جی یوسٹل سروس کمیٹی میں آئے تو اس سے بات کریں گے اس کی وضاحت کے بعدایکشن اگر ضروری ہوا تو لیں گے۔ ریاض فتیانہ نے کہاکہ آج کااجلاس موخر نہ کریں۔چیرمین نے کہاکہ نہ سیکرٹری ہے اور نہ ہی ڈی جی ہے کس طرح میٹنگ کریں۔

ڈی جی کو سن لیں اس کے بعد ایکشن بھی لیں گے۔خواجہ آصف نے کہاکہ اس کمیٹی کا خرچ ڈی جی پوسٹ پر ڈال دیں۔چیرمین کمیٹی نے ڈی جی آڈٹ کوہدایت کی کہ بجلی تقسیم کارکمپنیوں ( ڈیسکوز) نے جو 37دن کی بلینگ کی ہے اس کی ایک ماہ میں رپورٹ بناکر بھیج دیں اس پر ایکشن لیں گے اور ریکوری کرکے صارفین کوواپس کریں گے۔