سلمان خان پر بنے گیم 'سیلمون بھوئی‘ پر پابندی عائد کردی گئی

جمعرات 9 ستمبر 2021 22:10

سلمان خان پر بنے گیم 'سیلمون بھوئی‘ پر پابندی عائد کردی گئی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2021ء) بھارتی شہر ممبئی کی عدالت نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی درخواست پر ان پر بنے ’سیلمون بھوئی‘ نامی ویڈیو گیم پر عارضی پابندی عائد کر دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کی جانب سے گیم بنانے والی کمپنی پیروڈی لمیٹڈ اور گوگل ایل ایل سی کے خلاف شکایت درج کروائی گئی تھی جس کے بعد ممبئی کی عدالت نے معاملہ حل نہ ہونے تک گوگل پلے اسٹور سے گیم کو ہٹانے کا حکم دے دیا۔

اپنی درخواست میں سلمان خان نے کہا تھا کہ گیم کا عنوان 'سیلمون بھوئی' مداحوں میں مشہور ان کے نام سلمان بھائی سے لیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس گیم کا نام اور اس میں دکھائی جانے والی تصاویر ان سے مطابقت رکھتی ہیں۔اداکار نے کہا کہ گیم میں ایسے مناظر بھی موجود ہیں جو ان کیخلاف مبینہ کیسز جیسا کہ ہٹ اینڈ رن اور کالے ہرن سے متعلق مقدمات سے ملتے جلتے ہیں۔

(جاری ہے)

سلمان نے دعویٰ کیا تھا کہ گیم کے ذریعے کمپنی نے دانستہ طور پر سلمان خان کی شخصیت کے حقوق کو ان کی رضامندی کے بغیر استعمال کرتے ہوئے کمرشل فوائد حاصل کئے۔اداکار نے کہا کہ ان کے بارے میں غلط اور گمراہ کن معلومات دکھا کر ان کی ساکھ کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت ان کے رازداری اور شہرت کے حق کی خلاف ورزی کی گئی۔

ایڈیشنل سیشن جج کے ایم جسوال نے کہا کہ مدعا علیہان نے سلمان کی شناخت کو اپنے تجارتی فوائد کے لیے استعمال کیا تھا۔جج نے اپنے حکم میں کہا کہ یہ گیم سلمان خان کی شناخت سے بہت ملتا جلتا دکھائی دیتا ہے اور اداکار نے گیم کو انسٹال کرنے، تیار کرنے اور چلانے کے لیے رضامندی ظاہر نہیں کی تھی اور اسی وجہ سے وہ اپنے رازداری کے حق سے محروم رہے اور ان کی ساکھ کو متاثر کیا گیا۔

سلمان خان کو عبوری ریلیف دیتے ہوئے جج نے پیروڈی اسٹوڈیوز پرائیویٹ لمیٹڈ اور گوگل ایل ایل سی کو ہدایت کی کہ وہ گیم سیلمون بھوئی تک رسائی کو روک دیں یا ہٹادیں۔جج نے مزید کہا کہ سماعت کی اگلی تاریخ تک مدعا علیہ اس گیم کو دوبارہ لانچ کرنے یا اس تک رسائی دے کر سلمان خان کے خلاف نامناسب تبصرے کرنے سے باز رہیں۔