کور کمانڈرز کانفرنس ، عالمی، علاقائی اور داخلی سلامتی ،افغانستان کی تازہ صورتحال پر گفتگو

عالمی برادری افغانستان میں بامقصد رابطوں اور انسانی ہمدردی کے تحت امدادی کاموں میں اپنا کردار ادا کرے، آرمی چیف خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے عالمی برادری کا متحرک کردار ضروری ہے، تمام فریقین دیرپا امن کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیں،پاکستان میں امن واستحکام تباہ کرنے کی تمام سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنا دیں گے، کانفرنس سے خطاب سربراہ پاک فوج کی روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کو مکمل تیار رہنے کی ہدایت

جمعہ 10 ستمبر 2021 21:33

کور کمانڈرز کانفرنس ، عالمی، علاقائی اور داخلی سلامتی ،افغانستان کی ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2021ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں عالمی، علاقائی اور داخلی سلامتی ،افغانستان کی تازہ صورتحال اور پاک افغان بارڈر پر اقدامات زیر غور آئے جبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری افغانستان میں بامقصد رابطوں اور انسانی ہمدردی کے تحت امدادی کاموں میں اپنا کردار ادا کرے، خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے عالمی برادری کا متحرک کردار ضروری ہے، تمام فریقین دیرپا امن کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیں،پاکستان میں امن واستحکام تباہ کرنے کی تمام سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنا دیں گے۔

جمعہ کو ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 243 ویں کورکمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی، کانفرنس میں عالمی، علاقائی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، کانفرنس میں افغانستان کی تازہ ترین صورتحال بشمول پاک افغان بارڈر مینجمنٹ اور احتیاطی اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے مؤثر بارڈر مینجمنٹ نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ بارڈر مینجمنٹ سے نقل و حرکت اور داخلی سیکیورٹی صورتحال کنٹرول میں ہے، آرمی چیف نے افغانستان سے غیر ملکی عملے کے انخلاء اور ٹرانزٹ امور میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کی اور ہاکہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کیلئے کوشاں ہے، عالمی برادری افغانستان میں بامقصد رابطوں اور انسانی ہمدردی کے تحت امدادی کاموں میں اپنا کردار ادا کرے، آرمی چیف نے زور دیا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے عالمی برادری کا متحرک کردار ضروری ہے، تمام فریقین دیرپا امن کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیں۔

شرکاء کانفرنس نے کشمیری رہنماء سید علی شاہ گیلانی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قرار دیا کہ سید علی شاہ گیلانی نے پوری زندگی کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے صرف کی۔ کانفرنس کے شرکاء نے بھارتی جبر کیخلاف کشمیریوں کی جدوجہد حق خودارادیت سے مکمل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔آرمی چیف نے تمام فارمیشنز کی پرامن محرم کیلئے کوششوں کو سراہا۔آرمی چیف نے روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کو مکمل تیار رہنے کی ہدایت بھی کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن واستحکام تباہ کرنے کی تمام سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنا دیں گے