Live Updates

پی ڈی ایم اے قانون کا مسودہ آمرانہ، غیرجمہوری اور آزادی صحافت کی روح کے خلاف ہے،لیاقت بلوچ

آزاد اور ذمہ دار صحافت ہی قومی سلامتی، آئینی جمہوری اور پارلیمانی نظام کے لیے ضروری ہے حکومت میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ کا مجوزہ بل واپس لے اور واضح اور دوٹوک اعلان کرے، عدلیہ کی آزادی، ججوں کی میرٹ پر شفاف تقرری اور نظام عدل کی اصلاحات وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، نائب امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 11 ستمبر 2021 00:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 ستمبر2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے قانون کا مسودہ آمرانہ، غیرجمہوری اور آزادی صحافت کی روح کے خلاف ہے۔ جماعت اسلامی میڈیا کنٹرول کرنے کی حکومتی کوشش کے خلاف اور صحافی برادری کی زبردست پشتیبان ہے۔ آزاد اور ذمہ دار صحافت ہی قومی سلامتی، آئینی جمہوری اور پارلیمانی نظام کے لیے ضروری ہے۔

حکومت بالادست قوتوں کی خواہشات کی تکمیل کے لیے اپنا چہرہ کالاتر کرتی جارہی ہے۔ حکومت میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ کا مجوزہ بل واپس لے اور واضح اور دوٹوک اعلان کرے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ عدلیہ بحالی اور ججز کی میرٹ پر بحالی کے لیے وکلا، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی تحریک شاندار اور بے مثال تھی۔

(جاری ہے)

عدلیہ ایک بار پھر تقسیم ہوگئی ہے۔

بار اور بنچ کا تصادم بڑھتا جارہا ہے۔ اعلیٰ عدالتوں میں میرٹ، اصول کی بجائے اختیارات کی بنیاد پر پسند و ناپسند کے نظریہ ضرورت کے تحت ججوں کی تقرری بڑا فساد بنتا جارہا ہے۔ عدلیہ کی آزادی، ججوں کی میرٹ پر شفاف تقرری اور نظام عدل کی اصلاحات وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ عمران خان نے اپنی سیاسی جدوجہد میں بار بار عدالتی اصلاحات، سستے انصاف کے دعوے کیے، لیکن عملاً اس محاذ پر بھی تین سال ضائع کردیے گئے۔

لیاقت بلوچ نے سابق چیئرمین سینیٹ، سابق وفاقی وزیر قانون سینئر ماہر قانون دان وسیم سجاد کی اہلیہ کے انتقال پر اُن سے تعزیت کی۔ نیز سینئر صحافی، افغان امور کے ماہر رحیم اللہ یوسفزئی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی صحافت ایک شائستہ، دانش ور محقق اور قومی سلامتی و خطہ کی صورت حال پر گہری نظر رکھنے والے صحافی سے محروم ہوگئی۔

لیاقت بلوچ نے واہ کینٹ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے سات حلقوں کے مشترکہ جلسہ سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے حکومت میں رہ کر اپنی نااہلی اور خراب عوام دشمن کارکردگی سے اپنا اور ملک کا ستیاناس کردیا۔ پی پی پی اور مسلم لیگ ن نے اپنی مفاداتی سیاست اور اندرونی اختلافات سے اپوزیشن کا چہرہ بھی داغدار کردیا ہے۔ جماعت اسلامی ان شاء اللہ ملک کو بحرانوں سے نجات دلائے گی
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات