Live Updates

وفاق اور صوبائی حکومت کراچی کا استحصال کر رہی ہیں،اربو ں ٹیکس ادا کرنے والا شہر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ،حافظ نعیم الرحمان

سندھ حکومت کو بلدیہ کا نیا ٹیکس نہیں لینے دینگے،پہلے گیارہ سو ارب روپے کا حساب دو پھر کسی ٹیکس کی بات کرو،جماعت اسلامی ہی کراچی اور پورے پاکستان میں حقیقی تبدیلی لائے گی، ریلی سے خطاب

ہفتہ 11 ستمبر 2021 23:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2021ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومت کراچی کا استحصال کر رہی ہیں۔اربوں روپے ٹیکس ادا کرنے والا شہر آج بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔سندھ حکومت کو بلدیہ کا نیا ٹیکس نہیں لینے دینگے۔پہلے گیارہ سو ارب روپے کا حساب دو پھر کسی ٹیکس کی بات کرو۔

جماعت اسلامی ہی کراچی اور پورے پاکستان میں حقیقی تبدیلی لائے گی۔یہ بات جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی کریک کے انتخاب کے سلسلے میں جماعت اسلامی کے امیدواروں ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عبدالجمیل خان،وارڈ نمبر 1کے امیدوار گل شیر خان،وارڈ نمبر 2کے امیدوار سید شہزاد گیلانی،وارڈ نمبر 3کے امیدوارجہانگیر خان،وارڈ نمبر 4کے امیدوارمحمد عقیل گل،وارڈ نمبر 5کے امیدوار عامر مجید کشمیری،منصور فیروز،ہلال احمد،محمد ہارون،ثوبان بیگ،عزیزاللہ خان نیازی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انتخابی ریلی شمیم مسجد سے شروع ہوئی اور تمام وارڈ میں گشت کرتی ہوئی بھٹائی کالونی پر اختتام پذید ہوئی۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کے عوام کراچی کولوٹنے والے اور اس کوتباہ وبرباد کرنے والو کو اچھی طرح جانتے بھی ہیں اور پہنچانتے بھی ہیں۔کنٹونمنٹ بورڈ کے عوام بہت باشعور ہیں اور وہ 12ستمبر کو اپنا ووٹ ترازو کو ہی دینگے کیونکہ مصیبت کی ہر گھڑی میں جماعت اسلامی اور اس کے کارکن ان کے درمیان موجود رہے ہیں۔

عبدالستار افغانی سے لیکر نعمت اللہ خان تک خدمت ،تعمیر،ترقی کا ایک روشن باب ہے۔پیپلز پارٹی،متحدہ اور تحریک انصاف کراچی کی تباہی اور بربادی کے شریک ہیں۔عوام ٹیکس اس لئے نہیں دیتے کہ لٹیروں کے محلات بنیاور ان کے بینک بیلنس میں اضافہ ہو۔عوام دیانت داری،ایمان داری اور میرٹ کو ووٹ دیں اور اپنے ووٹ کی طاقت کے ذریعے کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں اور کراچی کی قسمت تبدیل کردیں۔

جماعت اسلامی کنٹونمنٹ بورڈ کا انتخاب بھی جیتے گی اور آئندہ کراچی شہرکا بلدیاتی انتخاب بھی جیتے گی اور ہم ہی کراچی کو دوبارہ روشنیوں اور محبتوں کا شہر بنائے گے۔امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عبدالجمیل خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی کریک میں اتنی بڑی اور عظیم الشان ریلی نے جماعت اسلامی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔عوام 12ستمبر کو اپنے گھروں سے نکلے اور ترازو پر مہر لگا کر غنڈہ گردی،دہشت گردی،لوٹ ماراور لسانی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیں اور علاقے میں بھائی چارگی۔اخوت محبت کا پرچار کریں۔#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات