چیئر مین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی سے طلباء کے وفد کی ملاقات ، تعلیمی اداروں کے مسائل و کشمیر کاز پر تبادلہ خیال

اتوار 12 ستمبر 2021 18:35

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2021ء) وفاقی وزیر اورچیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی سے طلباء کے ایک وفد نے ملاقات کی، طلباء نے تعلیمی اداروں کے مسائل و کشمیر کاز پر تبادلہ خیال کیا۔وفد میں مرکزی ناظم ایم ایس اوپاکستان سردار مظہر، ناظم اطلاعات و نشریات ایم ایس او پنجاب بلال ربانی، راجہ شہباز اور ملک انجم شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے وفاقی وزیر شہریار آفریدی کوتعلیمی اداروں میں بڑھتی ہوئی مغربی یلغار اور بالخصوص تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان سے آگاہ کیا اور تشویش کا اظہار کیا اور اس صورتحال میں وفاقی وزیر کو اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ۔وفاقی وزیرنے طلباء کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جدوجہد اور اغراض و مقاصد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یقیناً نوجوان ہی قوم کا مستقبل ہیں حکومت ہر فورم پر طلبہ کے مسائل کو سنے گی اور مسائل کے حل کیلئے عملی کوشش بھی کرے گی، مرکزی ناظم سردار مظہر نے شہریار آفریدی کو یکم اکتوبر کو ہونے والے آل پاکستان طلبہ اجتماع میں شر کت کی دعوت دی جو انہوں نے منظور کر لی۔