یمن میں جاری بحران میں عمان معاونت اورثالثی کا کردارادا کررہا ہے، وزیرخارجہ

ہم افغان عوام کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں،امیدہے نئی حکومت تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلے گی،گفتگو

پیر 13 ستمبر 2021 11:45

اردن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2021ء) عمانی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک یمن میں جاری بحران کا خاتمہ چاہتا ہے اور وہ اس مقصد کے لیے مختلف فریقوں کو قریب لانے میں مدد دیناچاہتاہے۔عمانی وزیرخارجہ سید بدربن حمد بن حمود البوسعیدی نے عرب ٹی وی سے انٹرویو میں کہاکہ یمنی بحران میں ہمارا کردارتمام فریقوں کی معاونت کرنا ہے اورہم یمنی بحران کے مختلف فریقوں کو قریب لانے کے خواہاں ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ یمن میں استحکام میں مددکرنا ہمارا فرض ہے۔وہ خلیج تعاون کونسل میں شامل چھے ممالک کے مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ان کاملک یمن میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے قریب ہے۔ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے اب تک عمان کی ثالثی کی کوششوں کو مسترد نہیں کیا ہے۔البوسعیدی نے افغانستان میں جاری پیش رفت کے بارے میں بھی گفتگو کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمان کو امید ہے کہ موجودہ افغان حکومت تمام فریقوں کے ساتھ مل کرکام کرے گی۔انھوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورت حال اس ملک کا اندرونی معاملہ ہے اور ہم افغان عوام کے فیصلہ کا احترام کرتے ہیں۔تنازع فلسطین کے بارے میں عمانی وزیر خارجہ نے کہا کہ مسقط عرب امن اقدام کی بنیاد پردوریاستی حل پرقائم ہے۔