ابھی وقت نہیں کہ ماسک اتارنے کا کہیں

پاکستان میں کورونا وائرس ابھی موجود ہے، ویکسی نیشن بیماری کے مضر اثرات کو تو روکتی ہے مگر ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائےصحت ڈاکٹر فیصل سلطان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 13 ستمبر 2021 15:08

ابھی وقت نہیں کہ ماسک اتارنے کا کہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 ستمبر 2021ء) : وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس ابھی موجود ہے،ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ ماسک اتارنے کا کہا جائے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن بیماری کے مضر اثرات کو تو روکتی ہے مگر ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔

اگر ویکسین لگوائیں اور سماجی فاصلہ رکھیں تو وبا میں کمی آسکتی ہے، احتیاط کریں گے تو ہی کورونا کی چوتھی لہر پر قابو پا سکیں گے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ پاکستان میں اب تک 5 کروڑسے زائد افراد کی کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن ہوچکی ہے اور 2 کروڑ افراد کو دونوں خوراک لگ چکی ہے۔اسلام آباد میں پیر کو ماسک پہنے کی مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

مہم کے پہلے روز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم کے دوران اب تک5 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ 2 کروڑ لوگوں کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔ اصلاحات سے متعلق انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اداروں میں اصلاحات لا رہا ہے اور ایم ٹی آئی کا نظام لایا جا رہا ہے۔

پی ایم سی میں ڈاکٹرز کے لیے بہتری لا رہے ہیں اورنرسنگ کونسل میں ترمیم لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈریپ دواؤں کے ساتھ آلات کو بھی رجسٹرکرتے ہیں اور اس میں بھی اصلاحات لارہے ہیں۔ واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے وار تاحال جاری ہیں۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر جاری ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 67 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ کورونا کے مزید 2 ہزار 988 کیسز رپورٹ ہوئے۔