مریم اورنگزیب کی صحافیوں کو پارلیمنٹ کے کیفے ٹیریا میں بند کرنے کی شدید مذمت

عمران صاحب نے میڈیا کے خلاف سول مارشل لاء نافذ کرکے مشرف آمریت کی یاد تازہ کر دی ہے ، ترجمان (ن)لیگ

پیر 13 ستمبر 2021 17:27

مریم اورنگزیب کی صحافیوں کو پارلیمنٹ کے کیفے ٹیریا میں بند کرنے کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے صحافیوں کو پارلیمنٹ کے کیفے ٹیریا میں بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب نے میڈیا کے خلاف سول مارشل لاء نافذ کرکے مشرف آمریت کی یاد تازہ کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ صحافیوں کو ان کے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی سے روکنا، تالا بندی کرکے عمران صاحب 2021 کے مشرف بن چکے ہیں ،پہلی بار پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی لگانے کا تاریخی اعزاز عمران صاحب کی فسطائیت کو حاصل ہوا ہے۔

انہوںنے کہاکہ دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ اگر پی آر اے نے کچھ کیا تو اس کو پارلیمنٹ سے ختم کردیا جائے گا،پارلیمنٹ کی مستقل کوریج کرنے والے بھی پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی سے محروم کر دیئے گئے،عمران صاحب آمریت کی علامت بن کر تاریخ میں ایک سیاہ مثال کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ فسطائیت، آمریت، دھمکی، دھونس اور تالے کی سرکار نہیں چلے گی۔