چین کی 5 کمپنیوں نے الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری شروع کردی، خالد منصور

ملک میں بہت جلد الیکٹرک گاڑیاں کثیرتعداد میں نظر آئیں گے، چینی کمپنیوں نے ٹائلز کی تیاری، ایل ای ڈی کی مینوفیکچرنگ، زرعی آلات اور ادویات ، موبائل کی تیاری بھی شروع کردی ہے۔معاون خصوصی سی پیک اتھارٹی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 13 ستمبر 2021 18:25

چین کی 5 کمپنیوں نے الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری شروع کردی، خالد منصور
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13ستمبر2021ء) معاون خصوصی سی پیک خالد منصور نے کہا ہے کہ چین کی پانچ کمپنیوں نے الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری شروع کردی، ملک میں بہت جلد الیکٹرک گاڑیاں کثیرتعداد میں نظر آئیں گے،چینی کمپنیوں نے سی پیک کے تحت ٹائلز کی تیاری ،ایل ای ڈی کی مینوفیکچرنگ ، زرعی آلات اورادویات ، موبائل کی تیاری بھی شروع کردی ہے۔

انہوں نے سی پیک منصوبوں کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بہت جلد الیکٹرک گاڑیاں کثیرتعداد میں نظر آئیں گے، 5 کمپنیوں نے الیکٹرک گاڑیوں کی تیاریوں کے منصوبے شروع کردیے ہیں، چین کی سیرامکس کی کمپنی ٹائلز کی تیاری کیلئے سرمایہ کاری کررہی ہے، ٹائلز بنانے والی کمپنیاں 300 ملین ڈالرز سے کام شروع کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

ایل ای ڈی بنانے والی کمپنیاں بھی جلد پاکستان میں مینوفیکچرنگ شروع کردیں گی۔

خالد منصور نے کہا کہ چین زراعت کے شعبے میں بہت ترقی کرچکا ہے، زراعت کی ترقی کیلئے چین کی کمپنیاں کیڑے مارادویات کی تیاری کیلئے سرمایہ کاری کریں گی۔ اوپو موبائل کمپنی نے پاکستان میں موبائل کی تیاری شروع کی ہے، چینی کمپنی فیبریکیٹڈ گھروں کی ٹیکنالوجی لے کر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا فیز ون تکمیل کے مراحل میں ہے اور گوادر پورٹ فعال ہے۔

سی پیک فیز ٹو میں اسپیشل اکنامک زونز پر توجہ دے رہے ہیں، سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، ۔ سی پیک فیز ٹو میں ہمارا مقصد سرمایہ کاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔بہت جلد ملک میں معاشی ترقی نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی کو ون ونڈو آپریشن کے تحت بنایا جائے گا، سی پیک کے 25 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کے منصوبے آچکے ہیں، سی پیک پر 13 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوچکی ہے، سی پیک پر 12 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے سی پیک کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔