ورنن فلینڈر ٹیلنٹڈ پاکستانی پیسرز کے ساتھ کام کرنے کیلئے پرجوش

پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنا تجربہ منتقل کرنا چاہتا ہوں تاکہ انہیں جارحانہ کرکٹ کھیلنے کیلئے مزید مدد مل سکے: سابق پروٹیز پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 14 ستمبر 2021 14:52

ورنن فلینڈر ٹیلنٹڈ پاکستانی پیسرز کے ساتھ کام کرنے کیلئے پرجوش
کیپ ٹاؤن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 ستمبر 2021ء ) جنوبی افریقہ کے سابق تیز گیند باز ورنن فلینڈر نے اگلے ماہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا بولنگ کنسلٹنٹ مقرر ہونے کے بعد پہلی بار اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ 36 سالہ فلینڈر سابقہ ​​آسٹریلوی بلے باز میتھیو ہیڈن کے ساتھ مصباح الحق اور وقار یونس کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کوچنگ سیٹ اپ میں شامل ہوں گے۔

فلینڈر نے انکشاف کیا کہ پی سی بی کے نئے مقرر کردہ چیئرمین رمیز راجہ کی جانب سے انہیں کردار کی پیشکش کے بعد وہ انہیں انکار نہیں کرسکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ رمیز نے مجھے فون کیا اور پوچھا کہ کیا میں پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے میں دلچسپی رکھتا ہوں؟ ،یہ ایک بہت بڑا موقع تھا جسے میں رد نہیں کر سکتا ،ہنر مند نوجوانوں کے ایک گروپ کے ساتھ کام کرنا واقعی دلچسپ ہے۔

(جاری ہے)

ورنن فلینڈر کا کہنا تھا کہ محمد حسنین واقعی ایک باصلاحیت نوجوان باؤلر ہے اور شاہین آفریدی ابھرتا ہوا سپر سٹار ہے۔ میں نے جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز کے دوران ان میں سے بہت کچھ دیکھا اور میں ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔ ورنن فلینڈر پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنا تجربہ منتقل کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ انہیں جارحانہ کرکٹ کھیلنے کے لیے مزید مدد مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بین الاقوامی کرکٹ ہے اور یہاں ہمیشہ دباؤ ہوتا ہے ، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کس ٹیم کا حصہ ہیں۔ فلینڈر نے کہا کہ میں یہ سوچنا چاہوں گا کہ میں اس نوجوان پیس اٹیک میں کسی قسم کی مستقل مزاجی لانے کے لحاظ سے کتنا کام کرسکتا ہوں ، وہ ایک دلچسپ بائولنگ گروپ ہیں اور وہ اٹیکنگ کرکٹ کھیلنے کے خواہاں ہیں جس کا حصہ بننا دلچسپ ہے۔