Live Updates

اداروں سے ٹکرائو نہیں،مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں،چوہدری محمد سرور

ملک میں جمہوریت اور پار لیمنٹ کو مضبوط کر نے کیلئے انتخابی اصلاحات وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہیں،گورنرپنجاب

منگل 14 ستمبر 2021 23:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ہم اداروں سے ٹکرائو نہیں ان کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان کی مضبوطی ہے ،ملک میں جمہوریت اور پار لیمنٹ کو مضبوط کر نے کیلئے انتخابی اصلاحات وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہیں ،عام آدمی کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی اور مہنگائی کا خاتمہ حکومت کی اولین تر جیح ہے،کامیاب پاکستان پروگرام سی40 سے 60 لاکھ خاندانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کا موقع ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بوائز سکائوٹس ایسوسی ایشن کے نیشنل ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر چوہدری محمدسرور نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے میں سیاسی مخالفین کا رکاوٹیں ڈالنا کسی بھی صورت جمہوریت کی خدمت نہیں ،پاکستان میں جمہوریت اور پار لیمنٹ کو مضبوط کر نے کیلئے انتخابی اصلاحات ضروری ہیں اسی لیے حکومت انتخابی اصلاحات کی بات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ جمہوریت اور ملک وقوم کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت کے ساتھ مل بیٹھے تاکہ انتخابی اصلاحات کو یقینی بنایا جاسکے ۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ سیاست کر نا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے ہمیں ان سے کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام نے تحر یک انصاف کو پانچ سال حکومت کا مینڈ یٹ دیا ہے انشا اللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر ے گی اور عام انتخابات 2023میں ہی ہوں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ احتجاج کی دھمکیاں دینے کی بجائے آئندہ عام انتخابات کا انتظار کر ے پھر عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کر ینگے کہ وہ کس کو اقتدار میں لانا چاہتے ہیں ۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ حکومت نے اپنی کامیاب معاشی پالیسیوں کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا اور آج پاکستان کووڈ۔19 کے باوجود 10 ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح وبہبود کے لیے وہ کام کر رہی ہے جن کی ماضی میں کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ اُنہوں نے کہا کہ انصاف صحت کارڈ حکومت کا غر یب دوستی کا تحفہ ہے اور حکومت نے اب صحت کارڈ کا دائرہ کار مزید بڑھادیا ہے جس سے عوام کو صحت کے حوالے سے مفت سہولتیں میسر آئیں گی ۔ ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ ز کے انتخابی نتائج سے ثابت ہوچکا ہے کہ پاکستان تحر یک انصاف ملک کی سب سے مقبول سیاسی جماعت بن چکی ہے اور چاروں صوبوں میں تحر یک انصاف کے علاوہ کسی اور جماعت کے لوگ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں کامیاب نہیں ہوئے۔

اُنہوں نے کہا کہ عوام سے کیے جانیوالے وعدوں کو پورا کر نے کیلئے موجودہ حکومت نیک نیتی کیساتھ کام کر رہی ہے انشا اللہ عوام کو ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائیں گے
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات