Live Updates

انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں،شوکت علی کمشنر بنوں

بدھ 15 ستمبر 2021 00:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2021ء) کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے ہدایت دی کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ تاکہ پولیو جیسے موذی مرض سے بچوں کو بچا کر آنے والی نسلوں کی صحت کو محفوظ بنایا جاسکے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے 17 ستمبر سے 21ستمبر 2021 تک سے ہونیوالی آئندہ پولیو مہم کو ہر صورت کامیاب بنا کر مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن بنایا جائے۔

یہ ہدایات انہوں نے آج اپنے دفتر میں ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لکی مروت اقبال حسین، ڈپٹی کمشنر بنوں محمد زبیر خان نیازی، ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان، انسدادپولیو کے کنٹری ڈائریکٹر،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں عمران شاہد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت عمران خان، شعبہ صحت کے حکام، پاک آرمی کے متعلقہ افسران اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے اہداف کا حصول اور اس کے راستے میں ہر رکاوٹ ختم کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ جن میں پولیو ورکرز کی تعداد کو بڑھانا، سیکیورٹی صورتحال کو مضبوط بنانا، ہر بچے تک پولیو قطرے پلانے کی رسائی اور پولیو وائرس کو جڑ سے اکھاڑنا شامل ہیں۔ اس موقع پر ضلع بنوں، لکی مروت اور شمالی وزیرستان کے متعلقہ پولیو افسران نے حکام بالا کو تفصیلی بریفنگ دی۔

جس میں کامیابیوں کے حصول پر انہوں نے پولیو افسران کی جاری کاوشوں کو سراہا۔اور جہاں پر انکی ناکامیاں سامنے آئیں گئیں۔ تو ان کو متنبہ کیا گیا کہ وہ آئیندہ طے شدہ اہداف کی تکمیل تک اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ کمشنر بنوں ڈویژن نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے پولیو مہم میں حصہ لینے والے کارکنان کو تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کی تمام ضروریات اورجائز مطالبات بھی پورا کریگی۔ بعد ازاں کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات