ن لیگ کا بلوچستان میں تنظیم سازی کا فیصلہ ، اہم شخصیات کی شمولیت کی کوششیں

نوازشریف کی مشاورت کے بعد اجلاس طلب، سردار فتح محمد حسنی، ریئسسانی برادران کی شمولیت اور انہیں پارٹی عہدہ دینے کے بارے میں مشاورت کی جائے گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 15 ستمبر 2021 12:50

ن لیگ کا بلوچستان میں تنظیم سازی کا فیصلہ ، اہم شخصیات کی شمولیت کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین -15 ستمبر2021ء) ن لیگ نے بلوچستان میں تنظیم سازی کا فیصلہ کیا پے۔معروف صحافی طارق عزیز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بلوچستان کی تنظیم کا اجلاس آج لاہور میں طلب کیا ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شہباز شریف نے نوازشریف کی مشاورت سے بلوچستان کی تنظیم سازی کا فیصلہ کیا ہے۔سردار فتح محمد حسنی، ریئسسانی برادران کی شمولیت اور انہیں پارٹی عہدہ دینے کے بارے میں مشاورت کی جائے گی۔

اجلاس میں سردار یعوب ناصر،جمال شاہ کاکڑ،جعفر مندوخیل،آغا شاہ، راحیلہ درانی،سیدال ناصر، نعمان خان اور دیگر کو مدعو کیا گیا ہے،احسن اقبال ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، عطاء اللہ تارڑ بھی شریک ہوں گے۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ سٹی کے جنرل سیکرٹری سجاد علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں فعال اور منظم ہورہی ہے اورانشاء اللہ آنے والا وقت پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ہی ہے ،پارٹی کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سجاد علی خان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آوازبلند کی ہے اور کبھی بھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی پاکستان مسلم لیگ(ن) کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والوں کو شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سٹی کو مسلم لیگ(ن) کا گڑھ بنائیں گے اور آنے والے عام انتخابات میں کوئٹہ سٹی سے مسلم لیگ(ن) انشاء اللہ کامیابی حاصل کریگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے نظریاتی کارکن اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں اور مسلم لیگ کو صوبے میں فعال بنانے میں اپنابھر پورکردارادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نا اہل اور سلیکٹڈ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں عوم آئندہ عام انتخابات میں ووٹ کے ذریعے ایسے عناصرکا کڑا احتساب کریں گے اور آنے والا وقت مسلم لیگ کا ہی ہے