طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے 50ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز کردیا۔وائس چانسلر اوپن یونیورسٹی

بدھ 15 ستمبر 2021 18:01

ایبٹ آباد۔15ستمبر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر2021ء) :علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ضیاء القیوم نے کہا ہے کہ طلبہ کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے 50کروڑ کی لاگت سے ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز کردیا ہے،جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے سے یونیورسٹی کے 13لاکھ طلباء وطالبات کو سہولت ملے گی، اس سسٹم سے طلبہ کو داخلوں،ڈگری کے حصول،نصاب سمیت دیگر امور میں آسانی ہوگی،  اس سٹیٹ آف دی آرٹ آن لائن نظام کا باقاعدہ افتتاح وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کیا ہے،ملک کی دیگر یونیورسٹیزکو بھی اس جدید نظام کی معاونت کرنے کو تیار ہیں۔

وہ بدھ کو  یہاں ایبٹ آباد علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل دفتر کے دورہ کے موقع پرصحافیوں بعد ازاں کانفرنس ہال میں پرنسپلز،اساتذہ سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد شوکت،ماڈل ہائی سکول نمبر تین کے پرنسپل ضیاء شاہد کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے،پرنسپلز،پروفیسرز،مردوخواتین اساتذہ بھی موجود تھے۔ ریجنل ڈائریکٹر اسلام آباد انعام اللہ شیخ،ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہزارہ شاہد علی اورکزئی نے بھی خطاب کیا۔

وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ضیاء القیوم نے کہا کہ موجودہ صدی میں ٹیکنالوجی بہت تیزی سے تبدیل ہوئی ہے،سائنس کی ایجادات نے انقلاب پیدا کیا ہے،دنیا کے مقابلے میں ہم بہت پیچھے ہیں جو بڑی بدقسمتی ہے،مسلمانوں کا ماضی بہت روشن تھاجس سے ہم دور ہوچکے ہیں،جس کی من الحیث القوم سب کوذمہ داری ادا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بہتر معیاری تعلیمی سہولیات دینے کے لئے کوشاں ہیں،دنیا کے بہترین ڈیجیٹل سسٹم کے تحت طلبہ کو جدید تقاضوں سے آراستہ کرنے کے لئے قدم اٹھایا ہے۔

اس سافٹ ویئر کے تحت تمام نظام آن لائن ہوچکا ہے۔ آن لائن سہولت ملنے سے طلبہ کو گھر کی دہلیز پر سہولت میسر ہوگی،طلبہ اور اساتذہ کی کارکردگی کا براہ راست موازنہ ہونے سے تعلیمی معیارمزید بہتر ہوگا۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہر ریجن میں تمام سہولیات مہیا کرے گی،جگہ ملی تو نئے کیمپس بھی اپنے وسائل سے بنانے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو مخاطب کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ وہ طلبہ کو جگہ دیں۔

دور افتادہ علاقوں میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کو سرکاری تعلیمی اداروں کے قریبی مقام تک انٹر نیٹ سمیت تمام سہولیات فراہم کریں گے،تاکہ ان کو دقت کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ میڑک سے ایم فل پی ایچ ڈی تک نصاب میں نئے کورسسز شامل کئے ہیں،طلبہ کو کتب کی فراہمی میں تاخیر پر پاکستان پوسٹ آفس سے رابطہ میں بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کسی بھی بچے کی تعلیم حاصل کرنے میں مالی مشکلات کو دور کرنے کے لئے معاونت کرنے کے لئے انڈومنٹ فنڈ موجود ہے اس کا واضح طریقہ موجود ہے۔یونیورسٹی ماسٹرز میں نئے پروگرام بھی شروع کرنے کو تیار ہے جس کی  اس ملک کو ضرورت ہے، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد شوکت نے وائس چانسلر کو ہزارہ کا روایتی پگڑی اور  چادر بھی پہنائی اور خصوصی یادگاری شیلڈ بھی دی گئیں۔