ریلوے مسافر ،گڈزٹرینوں کی نجکاری کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا

ٹرینوں کی نجکاری قومی معیشت اور ریل مزدوروں کا معاشی قتل ہے،محمود ننگیانہ

بدھ 15 ستمبر 2021 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2021ء) ریلوے کی مسافر اور گڈزٹرینوں، ریلوے ہسپتال ، سکول و کالج سمیت دیگر ریلوے اثاثوں کی نجکاری کے خلاف ریلوے کی 16ٹریڈ یونینز پر مشتمل آل پاکستان ریل مزدور گرینڈ الائنس کے تحت یوم سیاہ منایا گیا۔ ریلوے کیرج شاپس مغلپورہ کے سامنے آل پاکستان ریل مزدور گرینڈ الائنس کے مرکزی صدر محمود ننگیانہ کی قیادت میں ہزاروں کارکنوں نے احتجاجی دھرنا دیا۔

ایپکا کے صدر حاجی ارشاد نے احتجاجی دھرنے میں خصوصی شرکت کی۔ان کے علاوہ ریلوے ورکرز یونین (سی بی ای)کے رانا معصوم،شہزادہ جاوید اختر،سخی خان، اشرف کمبوہ،محمدحنیف انجم،ناصر سہیل ،اصغرعلی گجر،جماعت علی،عثمان یوسف ،ریلوے محنت کش یونین کے زاہد حسین آزاد،صدیق بیگ،ریلوے انقلابی یونین کے جعفر خان ،چوہدری رحمت علی ،مشتاق احمد باجوہ سمیت دیگر ٹریڈ یونینز کے عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، دھرنے کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے۔

(جاری ہے)

دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ریل مزدور گرینڈ الائنس کے مرکزی صدر محمود ننگیانہ کا کہنا تھا کہ ریلوے ٹرینوں کی نجکاری قومی معیشت اور ریل مزدوروں کا معاشی قتل ہے،ریلوے قومی ادارہ ہے اس کی نجکاری کسی صورت نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی کسی سرمایہ دار کو ریلوے میں گڈز ٹرین کا بزنس لینے دیں گے۔محمود ننگیانہ نے کہا کہ ریل مزدو راپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں محنت،لگن، جانفشانی اور ایمانداری کے ساتھ ادا کررہی ہیں، ریلوے ملازمین ٹرینوں کی نجکاری کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے اگر ریلوے سے ایک بھی ملازم نکالا گیا تو ریلوے کے 67 ہزار ملازمین پورے پاکستان میں سراپا احتجاج ہوں گے اور ریلوے کا پہیہ جام کر دیں گے۔