کل جماعتی حریت کانفرنس کا سید علی گیلانی کی میت کی بے حرمتی پر غم و غصے کا اظہار

بھارت مقبوضہ کشمیرمیں تمام جمہوری اقدار کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بیان

بدھ 15 ستمبر 2021 23:23

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموںکی توجہ کشمیریوںکی جاری مزاحمتی تحریک کے روح رواں سیدعلی گیلانی کی نماز جنازہ اور آخر ی رسومات میں لوگوںکو شرکت کی اجازت نہ دینے کے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے ظالمانہ اقدام کی طرف مبذول کرائی ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ حریت کانفرنس کے تاحیات چیئرمین سیدعلی گیلانی کوپولیس کی حراست میں قتل کیاگیا اور بھارتی فورسز نے ان کی میت کو سوگوار خاندان سے چھین کر مذہبی رسومات ادا کئے بغیر رات کی تاریکی میں دفنادیاتھا۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے کے عوام سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرنے پر پاکستان کے صدر ، وزیر اعظم اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنماء یاسمین راجہ نے بھی کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کے بارے میں حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کئے گئے ڈوزیئر کا خیرمقدم کیا ہے۔ادھرکشمیرمیڈیا سروس کی طرف سے سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میںافسوس ظاہر کیاگیا ہے کہ جب دنیا بھرمیں عالمی یوم جمہوریت منایا جا رہا ہے تاہم بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں تمام جمہوری اقدار کو مسلسل پامال کر رہا ہے ۔

رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کو حق خودارادیت کے جمہوری حق سے مسلسل محروم رکھ کر خود کو ایک شرمناک جمہوریت ثابت کیا ہے ۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم متحدہ مجلس علماء نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں سامراجی ایجنڈے کی تکمیل کی غرض سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو خبردار کیا ہے ۔

حریت رہنماء شبیر احمدڈار سمیت سینکڑوں لوگوںنے بابائے حریت سیدعلی گیلانی کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے آج سوپور میں ان کی آبائی رہائش گاہ پر بزرگ حریت رہنماء کے بیٹوں سے ملاقات کی۔بھارتی پولیس نے ضلع کشتواڑ کے علاقے بدھر بونجواہ میں گھر پر چھاپے کے دوران نذیر احمد نامی ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا۔کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے جنیوا میں جاری اقوام متحدہ کی انسانی حقو ق کونسل کے 48ویں اجلاس سے ویڈیو کانفرسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کونسل پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طر ف سے جاری جنگی جرائم پر بھارت سے باز پر س کرے ۔

دریں اثناء 40ممالک پر مشتمل اقوام عالم کی ترقی کے ساتھ وابستگی کے اشاریے (Commitment to Development Index) کی 2021کی درجہ بندی میں بھارت کو آخری پوزیشن پر رکھا گیا ہے۔ اس اشاریے میں کسی بھی ملک کی غریب اقوام کی ترقی کیلئے خدمات کا جائزہ لیاجاتا ہے ۔ ایک اور تحقیق میں بھارت مہلک کورونا وبا کے بارے میں غلط اطلاعات پھیلانے والے سب سے بڑے ملک کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اس بارے میں ہر چھ غلط اطلاعات میں سے ایک کا ذریعہ بھارت ہے۔ ’’138ممالک میںکورونا وبا سے متعلق غلط معلومات کے پھیلائو اور ماخذ کے تجزیہ ‘‘کے عنوان سے یہ تحقیق سیج انٹرنیشنل فیڈریشن آف لائبریری ایسوسی ایشنز اینڈ انسٹی ٹیوشنز جرنل میں شائع کی گئی ہے ۔