خیبرپختونخواہ کا ضلع بنوں کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ

ضلع بنوں میں کورونا کی تشویشناک صورتحال کے باعث 22 ستمبر تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے، این سی اوسی نے ضلع بنوں سمیت پنجاب کے 5 اضلاع میں کورونا صورتحال کو تشویشناک قرار دیا تھا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 15 ستمبر 2021 20:49

خیبرپختونخواہ کا ضلع بنوں کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ
پشاور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15ستمبر2021ء) خیبرپختونخواہ کا ضلع بنوں کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنےکا فیصلہ کرلیا ہے، این سی اوسی نے ضلع بنوں سمیت پنجاب کے5 اضلاع میں کورونا صورتحال کو تشویشناک قرار دیا تھا، جس کے تحت ضلع بنوں میں کورونا کی تشویشناک صورتحال کے باعث 22 ستمبر تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ اعلامیہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق خیبرپختونخوا میں تعلیمی ادارے کل 16 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت خیبرپختونخوا میں تعلیمی ادارے کل سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھول دیے جائیں، ہفتے میں تین دن کلاسز ہوں گی۔

تاہم زیادہ کورونا کیسز کے زیادہ شرح والے ضلع بنوں میں تعلیمی ادارے  بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلع بنوں کے تمام تعلیمی ادارے 22 ستمبر تک بند رہیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے برعکس محکمہ تعلیم پنجاب نے این سی اوسی کے کورونا کیسز کے تشویشناک 5 اضلاع میں 50 فیصد حاضری کے ساتھ لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات میں سکول کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور چیئرمین این سی اسی اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کے ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کی وارڈز میں کوویڈ19 کے مریضوں کا دباؤ ہے، کوشش ہے آکسیجن کی فراہمی میں رکاوٹ نہ آئے، چند ہفتے کے دوران آکسیجن کی طلب میں اضافہ ہوا، وبا کی صورتحال بہتر ہوئی ہے مگر خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، کوویڈ19 کے 5300 مریض ہسپتالوں میں آکسیجن پر ہیں، لاپرواہی، ایس او پیز کو نظرانداز کرنا کورونا کیسز میں اضافے کا باعث بنا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ 24 میں سے 18اضلاع میں وبا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، 6 اضلاع میں بندشیں قائم رہیں گی، ان اضلاع میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات اور بنوں شامل ہیں۔ 6 اضلاع میں آؤٹ ڈور ڈائننگ کا ٹائم بڑھا کر 12 بجے تک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کے 24 اضلاع میں کیسز کی تعداد کے پیش نظر 4 سے 15 ستمبر تک زائد بندشیں عائد کی تھیں، مذکورہ 18 اضلاع میں بھی کورونا پابندیاں قائم رکھیں گی جس طرح ملک کے دیگر حصوں میں نافذ ہیں جبکہ دیگر 6 اضلاع میں زائد بندشیں قائم رہیں گی۔ 18 اضلاع میں انٹر بس سروس کو بھی 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلانے کی اجازت ہوگی۔پارکس اور جمز بھی مکمل ویکسی نیٹڈ افراد کیلئے کھول دیے جائیں گے۔