کویت کے ویزے کھل گئے، فیملی ‘ سیاحتی اور تجارتی وزٹ ویزوں کا اجراء شروع

تین شعبوں سے وابستہ افراد شرائط پورا کرتے ہوئے ویزے حاصل کر سکتے ہیں، ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ٹیچر اور پرائیویٹ سیکٹر کے دیگر ماہرین کو اپنے 16 سال سے کم عمر ‏بچوں کو ویزے کے ساتھ لانے کی اجازت مل گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 ستمبر 2021 10:20

کویت کے ویزے کھل گئے، فیملی ‘ سیاحتی اور تجارتی وزٹ ویزوں کا اجراء ..
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 ستمبر2021ء ) خلیجی ملک کویت کی جانب سے فیملی ، سیاحتی اور تجارتی وزٹ ویزوں کے اجراء شروع کر دیا گیا۔ اس حوالے سے کویتی میڈیا سے موصول ہونے والی تفصیلات مطابق رہائشی امور کے محکموں نے وزارت داخلہ کونسل کی ہدایت پر فیملی ، سیاحتی اور ‏تجارتی وزٹ ویزے جاری کرنا شروع کر دیے ہیں ، تین شعبوں سے وابستہ افراد شرائط پورا کرتے ہوئے ویزے حاصل کر سکتے ہیں ، جن میں پہلے نمبر پر سرکاری اداروں میں کام کرنے والا طبی شعبہ ، اس کے بعد پرائیویٹ اداروں میں کام کرنے ‏والا طبی شعبہ جب کہ تیسرے نمبر پر تعلیمی اداروں میں کام کرنے کے شعبے کو شامل کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سیاحتی وزٹ کے لیے انٹری ویزا ساتھ لانے کی اجازت ہے تاہم سیاسحتی ویزے کو مستقبل میں رہائشی ویزے پر ‏منتقل نہ کرنے کا عہدنامہ جمع کرانا ہوگا جب کہ ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ٹیچر اور پرائیویٹ سیکٹر کے دیگر ماہرین کو اپنے 16 سال سے کم عمر ‏بچوں کو ویزے کے ساتھ لانے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ بعد میں فیملی ویزا پر منتقل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اسی طرح کویت نے کورونا کے دوران صحت کے شعبے شاندار خدمات سرانجام دینے پر پاکستانی ڈاکٹروں کو مستقل کنٹریکٹ دے دیا ، کویت کی وزارت صحت کی جانب سے پاکستان کے تقریباً 140 ڈاکٹروں کو مستقل کنٹریکٹ دیے گئے ہیں جو کہ اس وقت عارضی بنیادوں پر کام کر رہے تھے ، مستقل کنٹریکٹ دینے کا مقصد یہ ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے مرض سے لڑنے میں مدد کر سکیں۔

معلوم ہوا ہے کہ کویتی سسٹم کے تحت ایک ڈاکٹر کو عارضی بنیادوں پر رکھا جاتا ہے جو کہ ہسپتال ، کلینک یا پریکٹس میں روٹیشن گیپ کو پورا کرتا ہے ، اسی کے تحت پاکستانی ڈاکٹروں نے اس سے پہلے کویت میں 3 ماہ کی مدت کے لیے کام کیا جسے بعد میں مزید 3 ماہ کے لیے بڑھا دیا گیا تھا تاہم اب مستقل تقرری کے بعد ان کے پاس دوسرے غیر کویتی ڈاکٹروں کی طرح معاہدے اور ملازمت کے عہدے ہوں گے۔