Live Updates

ن لیگ میں بیانیے کی جنگ بدستور قائم ، لیگی ارکان پریشان ہو گئے

پہلے تنظیمی اجلاس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز منظر نامہ سے غائب، ارکان پریشان دکھائی دئیے اور چہ مگوئیاں کرتے رہے، آئندہ الیکشن میں ’ووٹ کو عزت دو‘ کا بیانیہ ہی اپنانے کا فیصلہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 16 ستمبر 2021 11:12

ن لیگ میں بیانیے کی جنگ بدستور قائم ، لیگی ارکان پریشان ہو گئے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2021ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف کی زیر صدارت ڈی جی خان ڈویژن کی تنظیم سازی سے متعلق اجلاس ہوا، محمد نواز شریف نے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں نائب صدر مریم نواز، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، پرویز رشید، صوبائی صدر رانا ثناء اللہ، عظمیٰ بخاری، ذیشان رفیق، نزہت صادق ودیگر پارٹی رہنماء موجود تھے۔

تاہم پہلے تنظیمی اجلاس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز منظر نامہ سے غائب رہے جس سے بظاہر لگتا ہے کہ ن لیگ میں بیانیے کی جنگ جاری ہے۔اجلاس کے شرکاء شہباز شریف حمزہ شہباز کی غیر حاضری پر پریشان دکھائی دئیے اور چہ مگوئیاں کرتے رہے۔اجلاس میں مفاہمتی گروپ کا کوئی رہنما شریک نہ ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ الیکشن میں ’ووٹ کو عزت دو‘ کا بیانیہ ہی پارٹی بیانیہ ہو گا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے بیانیے نے ان لوگوں کو زبان دی جن پر ظلم ہوا۔صرف بیانیہ نہیں، نوازشریف اور شہباز شریف کی وجہ سے بیانیہ جیتے۔
جبکہ پارٹی قائد میاں نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ میرا ذاتی نہیں ہے، یہ پوری قوم کا بیانیہ بن چکا ہے، یہ لوگ پاکستان کو جن حالت تک لے آئے ہیں اس سے عام آدمی تنگ ہے، لوگ بھوک سے مررہے ہیں، اشیاء خوردونوش کی خریداری کےلیے لمبی لائنیں لگی ہیں، سلیکٹڈ کو لاکر ملک میں بحرانی کیفیت پیدا کردی گئی ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ الحمدللہ مسلم لیگ ن آج بھی سب سے بڑی جماعت ہے، مسلم لیگ ن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو ان حالات سے نکالنے کےلیے جدوجہد کرے۔ اجلاس میں میاں نوازشریف نے اپنی جماعت کو 30 دنوں میں یونین کونسل کی سطح پر تنظیمیں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کی صوبائی حلقوں تک تنظیمیں مکمل ہیں، آخری مرحلہ یونین کونسل کی تکمیل کا ہے، میاں نوازشریف کی ہدایات تھی اسی لیے میٹنگ طلب کی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پارٹی کو گراؤنڈ لیول تک مضبوط کرنا اور تنظیم سازی کا عمل مکمل کرنا پہلی ترجیحی ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات