اس سے پہلے ہمیں نکالا جاتا ہم خود مستعفی ہوگئے: وقار یونس

مجھے اور مصباح کو اندازہ ہوگیا تھا کہ کیا ہونے والا ہے :سابق بائولنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 16 ستمبر 2021 12:11

اس سے پہلے ہمیں نکالا جاتا ہم خود مستعفی ہوگئے: وقار یونس
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16ستمبر 2021ء )  پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ مصباح کے استعفیٰ دینے کے بعد میرے عہدہ رکھنے کا جواز نہیں بنتا تھا، اس سے پہلے کہ ہمیں نکالا جاتا ہم نے خود استعفیٰ دے دیا، کوویڈ 19 بھی استعفیٰ دینے کی ایک وجہ تھا، صرف ہم ہی نہیں بلکہ پورا کرکٹ بورڈ بدلا ہے، نئی ٹیم اپنے ساتھ نئے لوگ لے کر آتے ہیں۔

وقار یونس نے کہا کہ لوگ سمجھتے رہے کہ ٹیم سلیکشن میں میرا کردار رہا جو غلط تاثر ہے، مجھے اور مصباح کو اندازہ ہوگیا تھا کہ کیا ہونے والا ہے۔ وقار یونس نے کہا کہ رمیز راجہ پہلے چیئرمین ہیں جو کرکٹ کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے بنائی گئی ٹیم باصلاحیت ہے، کچھ کھلاڑیوں کی پرفارمنس اور کچھ کی فٹنس اچھی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

سابق بائولنگ کوچ پاکستان ٹیم نے کہا کہ اس وقت کسی پر تنقید کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں، شعیب ملک اس وقت ہمارے سب سے فٹ کھلاڑی ہیں، اعظم خان میں ٹیلنٹ موجود ہے۔

وقار یونس نے کہا کہ سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے فیصلے سے میرا کوئی لینا دینا نہیں تھا، کسی کھلاڑی کو عمر زیادہ ہونے کے بہانے نکالنا زیادتی ہے، کپتان بنانے کا استحقاق چیئرمین کے پاس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاقب جاوید کو تو کوچنگ کے بارے میں بولنا ہی نہیں چاہیے، ٹیلنٹ نچلی سطح اور فرسٹ کلاس کرکٹ سے آتا ہے، 2 برس میں شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حسنین کو ہم نے تیار کیا ۔ سابق بولنگ کوچ نے کہا کہ آئندہ بھی موقع ملا تو کرکٹ بورڈ میں جاب کے لیے اپلائی کروں گا۔