مائیکل ہولڈنگ نے کمنٹری سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

سابق ویسٹ انڈین پیسر نے حال ہی میں اپنی نسل پرستی مخالف مہم کے لیے تعریف اور توجہ حاصل کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 16 ستمبر 2021 13:19

مائیکل ہولڈنگ نے کمنٹری سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16ستمبر 2021ء ) سابق ویسٹ انڈین فاسٹ بائولر مائیکل ہولڈنگ نے نشریات میں 30 سال سے زیادہ خدمات انجام دینے کے بعد کمنٹری سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ جنہیں ’وسپرنگ ڈیتھ‘ کہا جاتا ہے ، نے 1987ء میں کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد مائیکروفون کے پیچھے جانے سے پہلے 60 ٹیسٹ اور 102 ون ڈے میچز میں مجموعی طور پر 391 وکٹیں حاصل کیں ۔

گزشتہ اپریل میں بارباڈوس میں ایک ریڈیو ٹاک شو سے خطاب کرتے ہوئے 66 سالہ مائیکل ہولڈنگ نے اشارہ کیا تھا کہ وہ اپنی عمر میں خود کو بہت زیادہ عرصے کمنٹری کرتے نہیں دیکھ رہے ہیں۔ کرکٹ سے دور مائیکل ہولڈنگ نے حال ہی میں اپنی نسل پرستی مخالف مہم کے لیے تعریف اور توجہ حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

جولائی 2020ء میں انگلینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ میچ کے دوران مائیکل ہولڈنگ نے سکائی سپورٹس پر بلیک لائیوز میٹر موومنٹ اور دونوں اطراف کے کھلاڑیوں کو کھیلنے سے پہلے گھٹنے ٹیکنے کے بارے میں بات کی۔

فوٹیج نے پوری دنیا اور سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی۔ انہوں نے نسل پرستی کے بارے میں ‘Why We Kneel, How We Rise’ کے نام سے ایک کتاب شائع کی اور اس میں دیگر مشہور کھلاڑیوں جیسے یوسین بولٹ ، نومی اوساکا اور مائیکل جانسن کے نام شامل ہیں۔ دریں اثناء سابق اور موجودہ کرکٹرز اور شائقین نے اس خبر پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مائیکل ہولڈنگ کی ’ہیپی ریٹائرمنٹ‘ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔