Live Updates

مریم اورنگزیب کا وزیراعظم عمران خان سے گھوڑے اور سائیکل پر سب سے پہلے خود بیٹھنے کا مطالبہ

یہ بیان دے کر عوام کی غربت کا مذاق اڑایا گیا ہے، عوام کے پاس روٹی کھانے کے پیسے نہیں اور عمران صاحب گھوڑے خریدنے کی باتیں کر رہے ہیں،عوام کے پاس آپ نے آٹا روٹی دوائی گیس بجلی لینے کے پیسے نہیں وہ گھوڑے اور سائیکل کہاں سے خریدیں ، بیان

جمعرات 16 ستمبر 2021 14:33

مریم اورنگزیب کا وزیراعظم عمران خان سے گھوڑے اور سائیکل پر سب سے پہلے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان سے گھوڑے اور سائیکل پر سب سے پہلے خود بیٹھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ بیان دے کر عوام کی غربت کا مذاق اڑایا گیا ہے، عوام کے پاس روٹی کھانے کے پیسے نہیں اور عمران صاحب گھوڑے خریدنے کی باتیں کر رہے ہیں،عوام کے پاس آپ نے آٹا روٹی دوائی گیس بجلی لینے کے پیسے نہیں وہ گھوڑے اور سائیکل کہاں سے خریدیں ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ اس ملک میں سب سے زیادہ خرچہ آپ کا ہے آپ گھر چلے جائیں ہم عوام کے لئے پیٹرول آٹا ، چینی گیس دوائی بجلی سستی کر دیں گے ،عمران صاحب قوم کو گھوڑے اور سائیکل استعمال کرنے کا مشورہ دینے کے بجائے استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گھوڑے، گدھے، بھینسیں، کٹے، مرغیاں، انڈوں کے سوا اور کچھ عمران صاحب کے دماغ میں نہیں آتا انہوںنے کہاکہ اے ٹی ایمز اور مافیاز کو بڑی گاڑیاں خرید کر دیں اور عوام کو گھوڑوں اور سائیکل خریدنے کا مشورہ دیا ۔

انہوںنے کہاکہ عمران صاحب قوم کو گھوڑے اور سائیکل کی نصیحت کر کے خود خصوصی طیارے میں بیٹھ کر باہر چلے گئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب کو گدھے اور گھوڑے کی قیمت کا بھی کوئی علم نہیں، نہ ہی انہیں یہ پتہ ہے کہ سائیکل کتنے کا مل رہا ہے ،آٹا، چینی، گھی، دال، سبزی، انڈے، بجلی، گیس، دوائی تاریخ کی مہنگی ترین سطح پر پہنچ گئی ،ملک پر تاریخ کا بلند ترین قرض، تاریخی خسارہ، ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور مہنگائی بے روزگاری ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات