کرکٹ بورڈ میں پڑھے لکھے لوگ ہیں لیکن جاہلوں جیسا برتائو کررہے ہیں: محمد عامر

پی سی بی کنٹریکٹ پر سائن کروا کر میری گردن پر ہاتھ رکھنا چاہتا ہے لیکن میں بورڈ کی پکڑ میں نہیں آنے والا :پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 16 ستمبر 2021 14:54

کرکٹ بورڈ میں پڑھے لکھے لوگ ہیں لیکن جاہلوں جیسا برتائو کررہے ہیں: محمد ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 ستمبر 2021ء ) قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر ایک بار پھر پی سی بی حکام پر برس پڑے، کہتے ہیں کہ پی سی بی میں پڑھے لکھے لوگ ہیں لیکن جاہلوں جیسا برتائو کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل رہا ہوں، تو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا کیا فائدہ، جب پاکستان کے انٹرنیشنل پلانز کا حصہ نہیں تو پھر کس کیلئے ڈومیسٹک میچز کھیلوں۔

محمد عامر نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں پوچھے بغیر میرا نام ڈاال دیا گیا، کنٹریکٹ کا اعلان کرنے سے پہلے کم ازکم مجھ سے پوچھ تو لیتے، جب انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے کنٹریکٹ چاہیئے تھا اس وقت پوچھے بغیر کنٹریکٹ سے نکال دیا۔

(جاری ہے)

محمد عامر نے کہا کہ میں نے ڈومیسٹک کرکٹ کے کنٹریکٹ کو کیا کرنا ہے، پی سی بی کنٹریکٹ پر سائن کروا کر میری گردن پر ہاتھ رکھنا چاہتا ہے لیکن میں بورڈ کی پکڑ میں نہیں آنے والا، میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کرکیا کروں گا، میری جگہ کس غریب بچے کو کنٹریکٹ دیں تاکہ اس کا گھر کا چولہا جلے، سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ بورڈ میں پڑھے لکھے لوگ ہیں لیکن جاہلوں جیسی حرکت کرتے ہیں، شاید ان کے دل و دماغ نے ابھی تک قبول نہیں کیا کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہ چکا ہوں اور لیگ کھیل کر انجوائے کررہا ہوں، اس سے ملنے والا فارغ وقت اہل خانہ کے ساتھ گزاروں گا۔