Live Updates

عمران خان سے گھوڑے اور سائیکل پر سب سے پہلے خود بیٹھیں.مسلم لیگ نون

وزیراعظم کا بیان مہنگائی کی چکی میں پستے عوام کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے.ترجمان مریم اورنگزیب کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 ستمبر 2021 15:06

عمران خان سے گھوڑے اور سائیکل پر سب سے پہلے خود بیٹھیں.مسلم لیگ نون
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 ستمبر ۔2021 ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا وزیراعظم عمران خان سے گھوڑے اور سائیکل پر سب سے پہلے خود بیٹھنے کا مطالبہ کیا ہے. مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ بیان دے کر عوام کی غربت کا مذاق اڑایا گیا ہے، عوام کے پاس روٹی کھانے کے پیسے نہیں اور عمران صاحب گھوڑے خریدنے کی باتیں کر رہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ عوام کے پاس آپ نے آٹا روٹی دوائی گیس بجلی لینے کے پیسے نہیں وہ گھوڑے اور سائیکل کہاں سے خریدیں اس ملک میں سب سے زیادہ خرچہ آپ کا ہے آپ گھر چلے جائیں ہم عوام کے لئے پیٹرول آٹا ، چینی گیس دوائی بجلی سستی کر دیں گے.

(جاری ہے)

ترجمان نون لیگ نے کہا کہ عمران صاحب قوم کو گھوڑے اور سائیکل استعمال کرنے کا مشورہ دینے کے بجائے استعفیٰ دیں اور گھر جائیں گھوڑے، گدھے، بھینسیں، کٹے، مرغیاں، انڈوں کے سوا اور کچھ عمران صاحب کے دماغ میں نہیں آتا انہوں نے کہاکہ اے ٹی ایمز اور مافیاز کو بڑی گاڑیاں خرید کر دیں اور عوام کو گھوڑوں اور سائیکل خریدنے کا مشورہ دے رہے ہیں.

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب قوم کو گھوڑے اور سائیکل کی نصیحت کر کے خود خصوصی طیارے میں بیٹھ کر باہر چلے گئے ہیں عمران صاحب کو گدھے اور گھوڑے کی قیمت کا بھی کوئی علم نہیں، نہ ہی انہیں یہ پتہ ہے کہ سائیکل کتنے کا مل رہا ہے آٹا، چینی، گھی، دال، سبزی، انڈے، بجلی، گیس، دوائی تاریخ کی مہنگی ترین سطح پر ہے. انہوں نے کہا کہ ملک پر تاریخ کا بلند ترین قرض، تاریخی خسارہ، ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے مہنگائی بے روزگاری ملک کی بلند ترین سطح پراور غریب عوام کو عمران صاحب کی طرف سے گھوڑے اور سائیکل خریدنے کا مشورہ غریب عوام کے ساتھ بھونڈہ مذاق ہے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات