کراچی میں سات روزہ انسداد پولیو مہم 20 ستمبرسے شروع ہوگی

کمشنر کراچی نوید احمد شیخ کی زیر صدرات اجلاس،انتظامات کا جائزہ لیا گیا ،ایک سال میں کراچی میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ،بریفنگ

جمعرات 16 ستمبر 2021 16:13

کراچی میں سات روزہ انسداد پولیو مہم 20 ستمبرسے شروع ہوگی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) کراچی میں سات روزہ انسداد پولیو مہم 20 ستمبرسے شروع ہو گی۔ اس بات کا فیصلہ کمشنر کراچی نوید شیخ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے والے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں کو آرڈینٹر سندھ برائے ایمر جنسی آپریشن سینٹر فیاض جتوئی ، ایڈیشنل کمشنر کراچی۔

II جواد مظفر ، بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی نمائندہ ڈاکٹر ایرن اسٹکیDr. Erin Stuckey تمام ڈپٹی کمشنرز، محکمہ صحت اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے افسران، اسسٹنٹ کمشنر جنرل اعجاز حسین رند ،یونیسف اور عالمی ادرہ صحت کے نمائندوں اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انکار کرنے اور رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے مربوط کوششیں کی جائیں گی اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنرز نمایا ں کردار ادا کریں گے علما کرام مذہبی رہنماوں ، سیاسی شخصیات سماجی کارکن کمیونٹی کے لوگوں والدین اور رائے عامہ کے ماہرین سے مدد لی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گذشتہ مہم کی کارکر دگی ، اور شروع ہونے والی مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مہم کے دوران 23 لاکھ سے زائدبچوں کو پولیو کے قطرے پلاے جائیں گے جبکہ مہم میں23 ہزار آٹھ سو 88 پولیو ورکرز اور دیگر عملہ کے ارکان فرائض انجام دیں گے۔ فیصلہ کیا گیا کہ مہم میں کورونا ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا کمشنر کو بتایا گیا کہ پولیو عملہ کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔

اجلاس میںگزشتہ مہم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال سے کراچی میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ اجلاس میں پولیو وائرس کے بارے میں کئے جانے والے ماحولیاتی تجزیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔بتا یا گیا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران سیویج کے پانی میں پولیو وائرس کراچی کے کسی علاقہ میں نہیں پایا گیا۔رہ جانے والے انکار کرنے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی کوششوں میں حائل دشواریوں اور انھیں دور کرنے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور ضرور ی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف اضلاع میں رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے اجلا س کو یہ بھی بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کی مربوط کاوشوں کے باعث انکار کرنے والے بچوں کے والدین کو راغب کرنے میں کامیابی ہوئی ہے۔

کوشش کی جارہی ہے کہ کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے اجلاس کو ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں انسداد پولیو کی کوششوں سے کمشنر کو آگاہ کیا اور مہم کو موثر اور کامیاب بنانے کے لئے مختلف تجاویز دیں۔ فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کوششوں کو موثراورمربوط بنانے کے لئے متعلقہ افسران، اور عالمی پارٹنرز کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے اجلاس کو بتایا گیا کہ عملہ کو کورونا ایس او پیز کے تقاضوں کو مدنظررکھنے کے لئے فرائض کی ادائیگی کے وقت پولیو ورکرز کے لئے لازمی ہوگا کہ وہ ماسک پہن کر رہیںاور تعیناتی سے قبل ان کا بخار چیک کیا جائے۔

کمشنرنے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے اس سے بچوں کا مستقبل وابستہ ہے۔انھوں نے کہا کہ ان کوششوں کی کامیابی کے لئے والدین کاتعاون درکار ہے۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ کمیونٹی اور والدین کاتعاون حاصل کرنے کے لئے اقدامات کریں۔