سعودی عرب؛ ایس او پیز کی خلاف ورزیاں دہرانے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانے کی وارننگ

مملکت میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ویسے تو ایک ہزار ریال جرمانہ کیا جاتا ہے لیکن تفتیشی اہلکاروں کو حالات کے حساب سے عام جرمانے کے علاوہ سزا کے طور پرجرمانے کی رقم دو گنا یا اس سے زیادہ کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 ستمبر 2021 16:05

سعودی عرب؛ ایس او پیز کی خلاف ورزیاں دہرانے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانے ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 ستمبر 2021ء ) سعودی عرب میں عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے متعلق وضع کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزیاں دہرانے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانے کی وارننگ جاری کردی گئی۔عرب میڈیا کے مطابق سعودیہ میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ویسے تو ایک ہزار ریال جرمانہ کیا جاتا ہے لیکن اب سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے نے وارننگ جاری کی گئی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباء سے بچاؤ کی ایس او پیز کی خلاف ورزیاں دہرانے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ کر دیا جائے گا ، جس کے لیے تفتیشی اہلکاروں کو حالات کے حساب سے عام جرمانے کے علاوہ سزا کے طور پرجرمانے کی رقم دو گنا یا اس سے زیادہ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مملکت میں پبلک مقامات پر سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنا ، ایسے مقامات پر داخل ہوتے وقت درجہ حرارت کا جائزہ لینے نہ دینا ، ماسک کی پابندی نہ کرنا اور ہدایات نہ ماننا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہیں ، وزارت کے ضوابط میں واضح طور پر افراد اور ادارے کے لیے ایس او پیز کا تعین کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد ضروری ہے بصورت دیگر بھاری جرمانے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کورونا وباء کے پیش نظر سعودی عرب نے بغیر اجازت عمرہ کرنے کی کوشش پر 10 ہزار ریال جرمانے کا فیصلہ کرلیا ، سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے پیش نظر بغیر اجازت عمرہ ادا کرنے کی کوشش پر 10 ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا ، اس کے علاوہ بغیر اجازت مسجدالحرام میں نماز کے لیے داخلے کی کوشش پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

اسی حوالے سے سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمرہ اجازت نامہ ہر 15 دن پر جاری کرایا جا سکتا ہے تاہم مسجد نبوی میں روضہ شریفہ کا اجازت نامہ ایک ماہ کے بعد ہی جاری ہوگا کیوں کہ 15 دن سے قبل عمرہ یا مسجد الحرام میں نماز اور ایک ماہ سے قبل روضہ شریف میں نماز یا مسجد نبوی کی زیارت کا اجازت نامہ جاری نہیں ہو سکتا۔