سعودی عرب میں سوگ کا سماں، چند روز میں دوسری شہزادی اللہ کو پیاری ہو گئیں

شہزادہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز آل سعود کی والدہ کا انتقال ہوگیا ، نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 ستمبر 2021 16:53

سعودی عرب میں سوگ کا سماں، چند روز میں دوسری شہزادی اللہ کو پیاری ہو ..
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 ستمبر2021ء ) سعودی شہزادہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز آل سعود کی والدہ کا انتقال ہوگیا۔ سعودی عرب کے المرساد اخبار کے مطابق ایوان شاہی نے آج ایک بیان جاری کیا ، جس میں بتایا گیا ہے کہ شاہی عظمت شہزادہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز آل سعود کی والدہ کا رضائے الہٰی سے انتقال ہو گیا ہے ، جن کی نماز جنازہ آج بروز جمعرات کو بعد از نماز عصر دمام شہر کی مسجد الفرقان میں ادا کی جائے گی۔

ایوان شاہی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں متوفیہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے ساتھ لواحقین کے لیے صبر جمیل دعا کی گئی ہے کہ اللہ مرحومہ کو اپنی رحمت ، مغفرت اور درجات کی وسعت سے نوازے۔ ۔ یاد رہے کہ رواں ماہ 12 ستمبر کو سعودی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی شہزادی دلال بنت سعود بن عبدالعزیز آل سعود دارالحکومت ریاض میں انتقال کرگئی تھیں ، شہزادی دلال بنت سعود بن عبدالعزیز آل سعود کی نماز جنازہ پیر کے روز بعد از نماز عصر ریاض کی جامع مسجد ترکی بن عبداللہ میں ادا کی گئی ، اس موقع پر شاہی خاندان نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متوفیہ کی بلندی درجات اور جنت میں اعلیٰ مقام کیلئے دعا بھی کی گئی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گزشتہ ماہ 31 اگست کو سعودی شہزادی جواہر بنت عبد العزیز بن عبد اللہ جلوی کا بھی انتقال ہوگیا تھا جب کہ عید کے پہلے روز ہی سعودی شاہی خاندان کو اس وقت صدمہ اٹھانا پڑا جب سعودی فرمانروا کے سب سے بڑے بیٹے شہزادہ فہد بن سلمان کی بیوہ اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی بھاوج شہزادی نوف بن خالد بن عبداللہ بن عبدالرحمان السعود انتقال کر گئیں، جن کے شوہر شہزادہ فہد2001ء میں 46 برس کی عمر میں وفات پا گئے تھے جب کہ شہزادی نوف ، شاہ عبدالعزیز کی نواسی اور شہزادی جوہرہ کی بیٹی تھیں ، ان کی نماز جنازہ گزشتہ بُدھ کے روز ریاض کی امام ترکی جامع مسجد میں ادا کی گئی ، جس میں شاہی خاندان کے اہم افراد نے شرکت کی ، جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

اس سے چند روز پہلے ہی شہزادی الجوہرہ بنت محمد بن عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعودانتقال کر گئیں جب کہ اس سے قبل سعودی شہزادہ مشاری بن منصور بن مشعل کی والدہ اور پھر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز السعود کی والدہ انتقال کر گئی تھیں ، اپریل کے مہینے میں ہی شاہی خاندان کے معروف شہزادے بندر بن فیصل بن سعود بن عبدالرحمن ال سعود انتقال کر گئے تھے ، ان کی ریاض شہر میں تدفین کی گئی ، مرحوم شہزادہ بندر بن فیصل سعودی مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز کے نواسے تھے ، ان کے پسماندگان میں 13 بیٹے اور بیٹیاں شامل ہیں ، شہزادہ بندر کے ایک بیٹے شہزادہ سعود بن بندر معروف شاعر بھی ہیں۔