محکمہ ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا کا آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک اور اہم اقدام

آلودگی پر قابو پانے کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ کی زیر نگرانی گاڑیوں کے اخراج کی جانچ کا نظام (ویٹس VETS) مہم کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا

جمعرات 16 ستمبر 2021 23:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹراننزٹ خیبرپختونخوا کی زیر نگرانی ویٹس مہم ڈیجیٹلائزیشن کی افتتاحی تقریب ٹرانسپورٹ ڈائریکٹوریٹ پشاور میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹراننزٹ فہد اکرام قاضی نے صوبائی ہیڈ کوارٹر پشاور سمیت تمام ریجنل ویٹس منیجرز میں آنلائن ڈیوائسز تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے گاڑیوں کے اخراج کے جانچ کا نظام ویٹس مہم میں مزید تیزی آجائے گی جس سے بڑی حد تک ماحولیاتی آلودگی میں کمی آ جائے گی اور زہریلا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو پولیس کی زیر نگرانی موقع پر جرمانہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق مروت، ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان خان، منیجر عمران اور ویٹس منیجر زبیر سمیت متعدد ریجنل افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ سمیت متعدد حکام کو ویٹس ڈیجٹلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹوریٹ ٹرانسپورٹ کے مطابق وی ای ٹی ایس کے ذریعے کاربن مونو آکسائیڈ، زہریلے دھویں، نقصان دہ اخراج اور شور جیسے چیزوں کو نہ صرف کم بلکہ کنٹرول کیا جا سکتا ہے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ فہد اکرام قاضی کا کہنا ہے کہ ماحول کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی زمہ داری ہے اسلئے گاڑیوں سے نکلنے والے خطرناک دھویں کو کنٹرول کرنے لئے آج ہی اپنی گاڑی (VETS) سے چیک کروائیں اور ماحول دوست ہونے کا ثبوت دیں۔

وی ای ٹی ایس مہم کے منیجر پیر زبیر سڑکوں پر بذات خود گاڑیوں کے معائنے کی نگرانی کر رہے ہیں۔