امارات کےپاکستانی ائیرپورٹس پر موجود لیبارٹریوں پر تحفظات، حکومت پاکستان کا فوری ایکشن

یو اے ای جانے والے سینکڑوں مسافروں میں کورونا کی تشخیص کے بعد وفاقی وزارت صحت نے تمام ملکی انٹر نیشنل ائیرپورٹس پر لیبارٹریوں کے فوری معائنے کا فیصلہ کر لیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 16 ستمبر 2021 19:23

امارات کےپاکستانی ائیرپورٹس پر موجود لیبارٹریوں پر تحفظات، حکومت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 16ستمبر 2021) امارات کےپاکستانی ائیرپورٹس پر موجود لیبارٹریوں پر تحفظات ،پاکستانی ائیرپورٹس پر موجود اکثر لیبارٹریوں کا عملہ غیر تربیت یافتہ نکلا، حکومت پاکستان کا تمام ملکی انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر موجود لیبارٹریوں کے معائنے کا فیصلہ۔ ‍‍ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے تحفظات کے بعد وفاقی وزارت صحت نے تمام ملکی انٹر نیشنل ائیرپورٹس پر لیبارٹریوں کے فوری معائنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ائیر پورٹس پرکام کرنے والی اکثر لیبارٹریوں کا عملہ غیر تربیت یافتہ ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ مہینے پاکستان سے 75 ہزار مسافر متحدہ عرب امارات گئے اور پاکستان سے یو اے ای جانے والے تمام 75 ہزار مسافروں کا ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شہر قائد میں قائم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جانے والے مسافروں کے لیے ‘ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ’ کی فیسوں میں کمی کر دی گئی۔

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے دبئی، شارجہ اور ابوظہبی جانے والے مسافروں کے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی فیسوں میں کمی کی گئی ہے۔ مذکورہ ٹیسٹ کی فیس اب صرف 5 ہزار روپے ہو گی۔ تمام ایئرلائنوں کے ریپڈ پی سی آرٹیسٹ کے چارجز 5 ہزار روپے مختص کر دیے گئے۔متحدہ عرب امارات جانے والے تمام مسافر 5 ہزار روپے میں اپنا ٹیسٹ کرواسکیں گے۔ ایئرپورٹ پر موجود تمام لیبارٹریوں کو اس ضمن میں مطلع کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل پشاور، فیصل آباد ملتان لاہور ائیرپورٹ پر بھی رپیڈ پی سی آر ٹیسٹ کی فیسوں میں کمی کی گئی ہے جس سے مسافر بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے اب ایسے تمام مسافروں کو اپنے ملک میں آنے کی اجازت دیدی گئی ہے جنہوں نے سائنو فارم ویکسین بھی لگوائی ہو گی ،دستاویزات کے مطابق یو اے ای حکومت کی ویب سائٹ پر سائنوفارم کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، یو اے ای میں داخلے سے قبل مسافروں کو ویب سائٹ پر اپنی تفصیلات دینا ہوں گی،مسافروں کو ویکسین سرٹیفکیٹ کے ساتھ ویکسین کی تفصیل بھی دیناہوگی۔