سٹیٹ بینک روپے کی قدر مستحکم کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائی: لاہور چیمبر

جمعرات 16 ستمبر 2021 23:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2021ء) ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی نہ صرف ملکی معیشت کو متاثر کرے گی بلکہ غیرملکی سرمایہ کار بھی سرمایہ اری سے گریز کریں گے، سٹیٹ بینک آف پاکستان فوری طور پر ا س معاملے میں مداخلت کرے اورروپے کی قدر مستحکم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر محمد ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کاروبار ی لاگت اورقرضوں میں اضافے، مہنگائی اور عام آدمی قوت خرید کو کم کرنے کا سبب بنے گی جس سے معیشت کے لیے سخت چیلنجز پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے تمام درآمدی خام مال اور دیگر اشیائے ضرورت مہنگی ہو جائیں گی،ڈالر کی قیمت میں حالیہ اضافے سے کاروبار ی لاگت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ منافع کے مارجن میں بھی کمی آئے گی جس سے کاروباری برادری کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو روپے کی قدر میں کمی کا باعث بننے والے عوامل پر قابو پانے کی ضرورت ہے تاکہ روپے کی قدر کومستحکم اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال کیا جاسکے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہوجانے سے صنعت و تجارت اور زراعت سمیت تمام شعبے متاثر ہونگے لہذا حکومت و سٹیٹ بینک آف پاکستان فوری اقدامات اٹھائیں