Live Updates

عمران خان نے عوام کو رُلانے کا وعدہ پورا کردیا ہے، بلاول بھٹو کی طنز

پوری قوم رو رہی ہے خان صاحب اچھے دن کب آئیں گے، جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والے مہنگا پٹرول بیچ رہے ہیں، پٹرول سے کرپشن میں اڑانے کیلئے اربوں روپے نکالیں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا پٹرولیم مصنوعات مہنگا کرنے پر ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 16 ستمبر 2021 21:17

عمران خان نے عوام کو رُلانے کا وعدہ پورا کردیا ہے، بلاول بھٹو کی طنز
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16ستمبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے عوام کو رُلانے کا وعدہ پورا کردیا ہے، پوری قوم رو رہی ہے خان صاحب اچھے دن کب آئیں گے، جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والے مہنگا پٹرول بیچ رہے ہیں،حکومت پٹرول مہنگا کرکے اربوں روپے اضافی حاصل کریں گے اور کرپشن میں اڑا دیں گے۔

انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پٹرول ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا ہے، ڈالر اور پیٹرول جب تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوں گے تو ہر شے عوام کی دسترس سے دور ہوتی چلی جائے گی۔ عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلاؤں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے اور خان صاحب چین کی بانسری بجارہے ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زر داری نے سوال اٹھایا کہ بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے وہ بڑے بڑے دعوے کہاں گئی۔

سستا پیٹرول فراہم کرنے کا جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والے آج تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول بیچ کر اس کا دفاع بھی کررہے ہیں۔ اسی طرح مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان سے گھوڑے اور سائیکل پر سب سے پہلے خود بیٹھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان دے کر عوام کی غربت کا مذاق اڑایا گیا ہے، عوام کے پاس روٹی کھانے کے پیسے نہیں اور عمران صاحب گھوڑے خریدنے کی باتیں کر رہے ہیں،عوام کے پاس آپ نے آٹا روٹی دوائی گیس بجلی لینے کے پیسے نہیں وہ گھوڑے اور سائیکل کہاں سے خریدیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں سب سے زیادہ خرچہ آپ کا ہے آپ گھر چلے جائیں ہم عوام کے لئے پیٹرول آٹا ، چینی گیس دوائی بجلی سستی کر دیں گے ،عمران صاحب قوم کو گھوڑے اور سائیکل استعمال کرنے کا مشورہ دینے کے بجائے استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔ گھوڑے، گدھے، بھینسیں، کٹے، مرغیاں، انڈوں کے سوا اور کچھ عمران صاحب کے دماغ میں نہیں آتا۔ اے ٹی ایمز اور مافیاز کو بڑی گاڑیاں خرید کر دیں اور عوام کو گھوڑوں اور سائیکل خریدنے کا مشورہ دیا۔

عمران صاحب قوم کو گھوڑے اور سائیکل کی نصیحت کر کے خود خصوصی طیارے میں بیٹھ کر باہر چلے گئے ہیں۔ عمران صاحب کو گدھے اور گھوڑے کی قیمت کا بھی کوئی علم نہیں، نہ ہی انہیں یہ پتہ ہے کہ سائیکل کتنے کا مل رہا ہے ،آٹا، چینی، گھی، دال، سبزی، انڈے، بجلی، گیس، دوائی تاریخ کی مہنگی ترین سطح پر پہنچ گئی ،ملک پر تاریخ کا بلند ترین قرض، تاریخی خسارہ، ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور مہنگائی بے روزگاری ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات