قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی ایوان میں کورم کی نشاندہی کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے معطل

جمعہ 17 ستمبر 2021 13:01

قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی ایوان میں کورم کی نشاندہی کی وجہ سے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2021ء) قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی ایوان میں کورم کی نشاندہی کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے معطل رہی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر سید نوید قمر نے کہا کہ مشترکہ اجلاس کے موقع پر پریس گیلری کو بند کیا گیا اور یہ اجلاس عجلت میں بلایا گیا ہے جس کی وجہ سے ارکان بروقت نہیں پہنچ سکتے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ پورے ملک کی قومی اسمبلی ہے۔ عجلت میں بلائے گئے اجلاس میں ارکان نہیں پہنچ پاتے۔

(جاری ہے)

آغا رفیع اللہ نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں پریس پر پابندی لگائی گئی  یہ اقدام آپ کے ساتھ جوڑا گیا ہے جو مجھے اچھا نہیں لگا۔ انہوں نے کہا کہ عجلت میں اجلاس طلب کیا گیا ہے ہمیں دو تین دن کا وقت دیا جانا چاہیے۔ سپیکر نے کہا کہ پریس گیلری کے حوالے سے میں اپنا موقف دے چکا ہوں۔ اس دوران اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آئوٹ کرگئے۔ آغا رفیع اللہ نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کی جس پر سپیکر نے ایوان میں گنتی کا حکم دیا،  ارکان کی مطلوبہ  تعداد  پوری ہونے تک ایوان کی کارروائی معطل کردی گئی۔