ایبٹ آباد میں صرف جمعہ کو لاک ڈاون ہوگا، سردار شاہنواز

جمعہ 17 ستمبر 2021 14:25

ایبٹ آباد۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2021ء) :آل ٹریڈ فیڈریشن ایبٹ آباد کے صدر سردار شاہنواز نے کہا ہےکہ ایبٹ آباد میں اب صرف جمعہ کے روز ہی لاک ڈاون ہوگا۔ انہوں نے   جمعہ کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے  کہا کہ این سی او سی کے فیصلہ کے مطابق اور آل ٹریڈ فیڈریشن ایبٹ آباد کی کوششوں سے ڈپٹی کمشنر نے  ضلع میں اب ہفتہ و اتوار کو کاروبار کھلا رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اب صرف جمعہ کو لاک ڈاؤن ہو گا جبکہ کاروبار کے اوقات کار میں بھی رات 10 بجے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی طرح ہوٹلز کیلئے بھی ان ڈور اور آؤٹ ڈور پر سے پابندی اٹھا لی گئی ہیں جبکہ ان ڈور کیلئے 50 فیصد گنجائش رکھی گئی ہے۔ آل ٹریڈ فیڈریشن کے صدر سردار شاہنواز نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروبار بڑے متاثر ہوئے ہیں، حکومت تاجر برادری کو بلا سود قرضے، کمپلسری سیلز ٹیکس سے استثنیٰ اور دیگر سہولیات مہیا کرے تاکہ تاجر دوبارہ سے اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لہذا تاجر دوست پالیسیاں بنائی جائیں اور تاجروں کے حوالہ سے کوئی بھی پالیسی بناتے وقت انہیں اعتماد میں لیا جائے۔