نارتھ ناظم آباد میں روزانہ ماربل فیکٹریوں کے ہزاروں ٹن زہریلا فضلے کی ڈمپنگ

پولیس کی ملی بھت سے منگھو پیر کی فیکٹریوں کا زہریلا کیمکل واٹر بورڈ کے گراؤنڈ ڈمپ کرنا معمول بن گیا

جمعہ 17 ستمبر 2021 16:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2021ء) منگھوپیر روڈ کی ماربل فیکٹریوں کا یومیہ ہزاروں ٹن زہریلا فضلہ نارتھ ناظم آباد میں واٹر بورڈ کے مرکزی ٹینکوں کے قریب ڈمپ کرنے سے بلاک ٹی،نصرت بھٹوکالونی، خلیل آباد اور قرب وجوار کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ،زہریلے فضلے کے مضر اثرات سے لوگوں کا سانس لینا محال ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق مقامی انتظامیہ،پولیس اور مافیا کی ملی بھگت سے منگھو پیر کی ماربل فیکٹریوں کا یومیہ ہزاروں ٹن زہریلا فضلہ نارتھ ناظم آباد میں بلاک ٹی،نصرت بھٹوکالونی اور خلیل آباد سے متصل واٹر بورڈ کے پینے کے پانی مرکزی ٹینکوں کے دہانے پر ڈمپ کئے جانے کے باعث قرب وجوار کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، زہریلے کیمیکل کے فضلے کے مضر صحت اثرات سے لوگوں کو سانس لینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ زہریلے فضلے سے بدبو اور تعفن پھیلنے سے قریبی آبادیوں کے لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

نارتھ ناظم آباد کے گنجان آباد علاقے میں روزانہ ہزاروں ٹن زہریلا فضلہ ڈمپ کئے جانے پر مقامی انتظامیہ،پولیس اور متعلقہ حکام نے چپ سادھ رکھی ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق گزشتہ سال بھی بڑے پیمانے پر ماربل فیکٹریوں کے زہریلے کیمیکل کا فضلہ ڈمپ کیاگیا تھا جس پر واٹر بورڈ حکام نے سخت ایکشن لیا تھا،اس بار بھی مقامی پولیس اور مافیا کے چند کارندوں کی ملی بھگت سے ماربل فیکٹریوں زہریلے کیمیکل کا فضلہ ڈمپ کیا جارہا ہے جس سے نصرت بھٹو کالونی ،بلاک ٹی ،خلیل آباد اور دیگر قریبی علاقوں کے لوگوں کو سانس لینے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

اہل علاقہ کے مطابق روزانہ زہریلے فضلے کے سیکڑوں ڈمپر ڈمپ کئے جانے کے باعث بدبو اور تعفن پھیل گیا ہے،ماربل فیکٹریوں کے زہریلے فضلے کی ڈمپنگ کو نہ روکا گیا تو بڑے پیمانے پر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔سیاسی وسماجی رہنماؤں سید اعجازالدین شاہ،مرزا خان ،رحمان بابر،دولت خان ،شیخ محبوب شاہ اور دیگر نے وزیر اعلیٰ سندھ،چیئرمین واٹر بورڈ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ نارتھ ناظم آباد کے گنجان آباد علاقے اور واٹر بورڈ کے مرکزی ٹینکوں کے دہانے پر زہریلے فضلے کی ڈمپنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔