Live Updates

ان تمام اضلاع میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنارہے ہیں جہاں کسی حکومت نے عوام کو سہولت دینے بارے نہیں سوچا‘ یاسمین راشد

ڈاکٹرزکوہسپتالوں میں مریضوں کو بہترعلاج دینے کی خاطرتمام حفاظتی اقدامات اٹھانے چاہئیں‘ صوبائی وزیر صحت کا خطاب

جمعہ 17 ستمبر 2021 17:25

ان تمام اضلاع میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنارہے ہیں جہاں کسی حکومت نے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2021ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ’’ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے‘‘کی مناسبت سے آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان،صوبائی فوکل پرسن پیشنٹ سیفٹی اینڈ کوالٹی پنجاب ڈاکٹرحسین جعفری،عالمی ادارہ صحت پنجاب کے ہیڈ ڈاکٹرجمشید احمد،پرووائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرشیریں خاور،ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹراطہر،پروفیسرجاویدچوہدری اور فیکلٹی ممبران سمیت طالبات کی کثیرتعدادنے بھی شرکت کی۔

وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے ’’ورلڈپیشنٹ سیفٹی ڈے‘‘کی مناسبت سے آگاہی واک کی قیادت بھی کی۔آگاہی سیمینارکے آغازمیں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان اور ڈاکٹرحسین جعفری نے دن کی مناسبت سے اعدادوشمارکی روشنی میں ’’ورلڈپیشنٹ سیفٹی ڈے‘‘کی اہمیت کو اجاگرکیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے ’’ورلڈپیشنٹ سیفٹی ڈے‘‘کے آگاہی سیمینارکے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ ’’ورلڈپیشنٹ سیفٹی ڈے‘‘آج پوری دنیامیں منایاجارہاہے۔

آج کا دن منانے کا بنیادی مقصدہسپتالوں میں مریضوں کے محفوظ اور بہترعلاج کو ہرصورت یقینی بناناہے۔ہمیں بطورڈاکٹریہ خیال رکھناچاہئے کہ ہماری کسی کوتاہی کی وجہ سے کسی بھی مریض کو جانی نقصان نہ ہو۔ڈاکٹریاسمین راشداللہ پاک نے ماں اور بچے کا رشتہ سب سے اہم اور قریبی بنایاہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ آج پاکستان سمیت پوری دنیاماں اور بچہ کی صحت کویقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔

ماں جتنی بھی بوڑھی ہوجائے بچوں کیلئے ہمیشہ ڈھال کا کرداراداکرتی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ حکومت نے ماؤں اور بچوں کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے ہیں۔ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھرمیں سات اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔لاہورمیں گنگارام ہسپتال کے اندر650بستروں پر مشتمل مدراینڈ چائلڈ بلاک آخری مراحل میں داخل ہوچکاہے۔

اس مدراینڈ چائلڈ بلاک میں ماں کے کینسر سمیت ہرقسم کی بیماری کے علاج کی سہولت دی جارہی ہے۔ پنجاب حکومت ان تمام اضلاع میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنارہی ہے جہاں آج تک کسی حکومت نے بھی عوام کو سہولت دینے بارے سوچانہیں۔اسی طرح حکومت پنجاب صوبہ بھرمیں تھیلیسمیاء کے بچوں کو انتقال خون کی مفت سہولت فراہم کررہی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ حکومت پنجاب تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے محفوظ علاج کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔

پوری دنیامیں ہرسال ڈاکٹرزکی کوتاہی سے کئی انسانی جانوں کا نقصان ہوجاتاہے۔ڈاکٹرزکوہسپتالوں میں مریضوں کو بہترعلاج دینے کی خاطرتمام حفاظتی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔وزیراعظم عمران خان سے ہم نے پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر علاج دینے کا عہدکیاہے۔عالمی ادارہ صحت بھی ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنانے پر زور دیتاہے۔

محکمہ صحت پنجاب نے یونیسف سے وعدہ کے مطابق ای پی آئی کے 90فیصدہدف کو اسی سال ہی حاصل کرلیاہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ہیلتھ ڈویلپمنٹ گولزکے مطابق ماں اوربچہ کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کریں گے۔پنجاب کے 25سوبنیادی مراکز صحت میں سے 14سو 24گھنٹے کھلے رہیں گے۔کوروناکے دوران بھی گنگارام ہسپتال کے ڈاکٹرزنے ماں اور بچہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی ہیں۔

عوام کوروناسے بچنے کیلئے فورا ویکسین لگوائیں۔بعدازاں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے میڈیا نمائندگان کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہاکہ آج پورے پنجاب میں ’’ورلڈپیشنٹ سیفٹی ڈے‘‘منایا جارہاہے۔آج پورے پنجاب میں ’’ورلڈپیشنٹ سیفٹی ڈے‘‘ بارے آگاہی پھیلائی جارہی ہے۔گنگارام ہسپتال میں نئے بننے والے مدراینڈ چائلڈ بلاک میں 150بستر صرف خواتین کے کینسرکے علاج کیلئے مختص کئے جائیں گے۔

گنگارام ہسپتال میں بریسٹ کینسرکا علاج بہت عرصہ سے جاری ہے۔پنجاب کے ہرہسپتال میں آنکالوجی ڈیپارٹمنٹ کومکمل فعال کررہے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ بہت پہلے بتاچکے ہیں کہ پنجاب میں ایکٹمرا ٹیکہ کی کمی ہوگئی ہے۔ایکٹمراء انجیکشن کا مسئلہ صرف پاکستان میں نہیں بلکہ پوری دنیامیں چل رہاہے۔مئیوہسپتال میں نجی ٹارچل سیل کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کیلئے سی ای او پروفیسرڈاکٹرثاقب سعید کوہدایت کردی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف انشاء اللہ اپنی کارکردگی کی بنیادپر اگلا الیکشن بھی جیتے گی۔حکومت تاریخ میں پہلی بارپنجاب کے ہر خاندان کو صحت سہولت کارڈ فراہم کررہی ہے۔وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکے پورے تعاون کے ساتھ تمام کابینہ محنت کررہی ہے۔پنجاب میں چاربڑے سرکاری ہسپتال اگلے سال مکمل ہوجائیں گے۔ویکسی نیشن مہم کے دوران بے ضابطگیوں کا سختی سے نوٹس لے کر ایکشن لیاجارہاہے۔

وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان نے کہاکہ مختلف بیماریوں اور علاج بارے عوام میں آگاہی پھیلانے کیلئے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی سیمینارزجاری رہیں گے۔صوبائی فوکل پرسن برائے پیشنٹ سیفٹی اینڈ کوالٹی پنجاب ڈاکٹرحسین جعفری نے کہاکہ ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو یکساں اہمیت کے ساتھ علاج کی سہولت دینی چاہئے۔دنیامیں ہرایک منٹ بعد ہسپتالوں میں کوتاہی کے باعث پانچ مریض جان کی بازی ہارجاتے ہے۔

عالمی ادارہ صحت پنجاب کے ہیڈ ڈاکٹرجمشیداحمدنے ’’ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے‘‘کے حوالہ سے آگاہی سیمینارمنعقدکرنے پر حکومت پنجاب کو خراج تحسین پیش کیا۔ڈاکٹرجمشید احمد نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے محفوظ علاج کیلئے گراں قدرخدمات کوبے حدسراہا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات